پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانیوالا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گامزن

جمعہ 13 دسمبر 2019 22:22

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانیوالا پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ ڈرا ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2019ء) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل بھی بارش اور خراب روشنی کی نذر ہوگیا۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جارہا ہے تاہم خراب روشنی اور موسم کے باعث میچ کا تیسرا روز بھی ضائع ہوگیا، تیسرے دن کا کھیل آوٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا، امپائرز نے ساڑھے دس بجے پچ اور گرائونڈ کا معائنہ کیا اور کھانے کے وقفہ کے بعد میچ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دن 1:10 پر سری لنکا نے اپنے دوسرے روز کی6وکٹوں پر263رنز کی نامکمل اننگ کا دوبارہ آغاز کیا۔ دن 1:37پر امپائرز نے خراب روشنی کی وجہ کھیل روک دیا،اس وقت تک سری لنکا نی2.5 اوورز میں اپنی پہلی اننگ میں بغیر کسی نقصان کے اپنے سکور میں مزید 19رنز کا اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

سہ پہر 3:40پر امپائرز نے ایک بار پھر گراونڈ میں آکر روشنی کا جائزہ لیا اور کھیل آج 14دسمبر بروز ہفتہ تک کیلئے ملتوی کر دیا۔ اس وقت سر ی لنکن ٹیم نے اپنی پہلی اننگ میں 6وکٹوں کے نقصان پر 282رنز بنائے تھے،ڈی سلوا نے آئوٹ ہوئے بغیر 87جبکہ دلرووان پریرا نے آوٹ ہوئے بغیر 06رنز بنائے تھے۔ موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب میچ ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔