غیر ملکی ڈاکٹرز نے نواز شریف کو زہر دیے جانے کے خدشے کا اظہار کر دیا

سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کا معاملہ ڈاکٹروں کیلئے معمہ بن گیا، برطانوی سرجن نے زہر خوانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے

جمعہ 13 دسمبر 2019 20:29

غیر ملکی ڈاکٹرز نے نواز شریف کو زہر دیے جانے کے خدشے کا اظہار کر دیا
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 دسمبر 2019ء) غیر ملکی ڈاکٹرز نے نواز شریف کو زہر دیے جانے کے خدشے کا اظہار کر دیا، سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کا معاملہ ڈاکٹروں کیلئے معمہ بن گیا، برطانوی سرجن نے زہر خوانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کا معاملہ غیر ملکی ڈاکٹروں کیلئے بھی معمہ بن گیا ہے۔ برطانیہ میں نواز شریف کا علاج کرنے والے ڈاکٹر ڈیوڈ آر لارنس نے بھی زہر خوانی کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

برطانوی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس متوازن نہ ہوئے تو ٹاکسیلوجی سکرینگ کرانا پڑی گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور ان کے پلیٹ لیٹس کو مستحکم کرنے کے لیے علاج جاری ہے۔ نواز شریف کے محفوظ علاج کے لیے 50 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ تک پلیٹ لیٹس ہونے چاہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ نواز شریف کو دل میں خون کی شریانوں کا بھی مسئلہ ہے۔

بائی پاس آپریشن کے بعد ان کی طبیعت کچھ بہتر ہے مگر خون کی شریانوں میں مسائل اب بھی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے دل کی ایم آر آئی بھی ہو رہی ہے۔ انھیں دن میں دو مرتبہ واک بھی کرنی چاہیے۔ ان کے مرض کی مکمل تشخیص کا عمل بھی جاری ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی یہ رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں بھی جمع کروا دی گئی ہے۔ جبکہ دوسری جانب شریف خاندان کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو علاج کیلئے برطانیہ سے امریکا لے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کوشش ہے کہ نواز شریف کا علاج امریکا سے کروایا جائے۔