Live Updates

قوم ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مل کر کوشش کرے، وزیر اعظم

پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے، انسداد پولیو مہم میں دو لاکھ ساٹھ ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،عمران خان کا تقریب سے خطاب

جمعہ 13 دسمبر 2019 22:29

قوم ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مل کر کوشش کرے، وزیر اعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مل کر کوشش کرے، پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے، انسداد پولیو مہم میں دو لاکھ ساٹھ ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وہ جمعہ کو یہاں انسداد پولیو کی قومی مہم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے پانچ سال سے کم عمر بچی کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں دو لاکھ ساٹھ ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین بالخصوص مائوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں اور اگر پولیو ٹیم ان تک خود نہیں پہنچتی تو وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے خود لے کر جائیں، یہ نہ صرف ان کے بچوں کی صحت بلکہ قوم کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان دو ملکوں میں شامل ہے جہاں آج بھی پولیو کا وائرس موجود ہے، یہ ہمارے لئے شرم کا باعث ہے۔

انہوں نے پولیو کے انسداد کے لئے کام کرنے والے ورکرز کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے باوجود اس مہم کو کامیابی سے جاری رکھا اور ایسے علاقوں تک بھی پہنچے جہاں شدید موسمی حالات کے باعث رسائی بہت مشکل تھی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے باعث پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے، پولیو کی وجہ سے ملک کا تشخص خراب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کو مکمل شکست دینے کے لئے پوری قوم کو ساتھ دینا ہو گا، انسداد پولیو کی قومی مہم ملک کے مستقبل کے لئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس مہم کے لئے تعاون اور کردار ادا کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پولیو کے اٹھارہ کیسز سامنے آئے، انسداد پولیو مہم کو موثر بنانے کے لئے ہر پہلو کا جائزہ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں جن خامیوں کی نشاندہی ہوئی ان پر قابو پایا جا رہا ہے، پولیو مہم میں تین کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کسی سیاسی جماعت کا نہیں قومی ایجنڈا ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات