Live Updates

شہزاد اکبر پی آئی ڈی میں جھوٹے کاغذ لہراتے ، پارلیمان میں جواب اور عدالت میں ثبوت سے بھاگ جاتے ہیں ، طلال چوہدری

ایسٹ ریکوری یونٹ علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور فیصل واڈا کی ناجائز جائیدادوں کی رقم واپس لے،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا بیان

جمعہ 13 دسمبر 2019 22:32

شہزاد اکبر پی آئی ڈی میں جھوٹے کاغذ لہراتے ، پارلیمان میں جواب اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے معاون خصوصی شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہزاد اکبر نے ایک بارپھر سرکاری خرچ پر جھوٹ بولا ،شہزاد اکبر پی آئی ڈی میں جھوٹے کاغذ لہراتے لیکن پارلیمان میں جواب اور عدالت میں ثبوت سے بھاگ جاتے ہیں ۔

جمعہ کو ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ شہزاد اکبر کی کارکردگی کا پول آج پارلیمنٹ میں حکومتی جواب سے کھل چکا ہے ،پندرہ ماہ میں صفر برآمدگی ایسٹ ریکوری یونٹ کے جھوٹ کا پکا ثبوت ہے ،عمران خان کنٹینر پر اور شہزاد اکبر پی آئی ڈی میں جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیںانہوںنے کہاکہ پی آئی ڈی میں ہلکان ہونے کے بجائے شہبازشریف کے خلاف ثبوت عدالت میں پیش کریں ،شہزاد اکبر سیاسی انتقام کا ’’ہامون جادوگر‘‘ ہے ،نالائق حکومت کے ’’ہامون جادوگر‘‘ اور ’’بل بتوڑیاں‘‘ صرف جھوٹ بولنے کی تنخواہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ میں جواب نہیں، عدالت میں ثبوت نہیں اور پی آئی ڈی میں سراسر جھوٹ ،شہزاد اکبر کا جھوٹ قوم جان چکی ہے ۔انہوںنے کہاکہ سرکاری خرچ پر جھوٹ بولنے اور جھوٹے کاغذ لہرانے سے قوم کودھوکہ نہیں دیاجاسکتا ،شہزاد اکبر شہبازشریف کے خلاف الزامات کاثبوت دنیا کی کسی عدالت میں دے دیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایسٹ ریکوری کے ڈرامے پر آنے والا تمام خرچ شہزاد اکبر سے وصول کیاجائے،جھوٹ بولنے اور جھوٹے کاغذ لہرانے سے آپ جھوٹے ہی رہیں گے ۔

انہوںنے کہاکہ 200 ارب، 300 ارب اور 600 ارب کے جھوٹ کی ہانڈی بیچ چوراہے میں کب کی پھوٹ چکی ہے ،کنٹینر پر جو جھوٹ بولے گئے، ان کا ثبوت کسی عدالت میں نہیں پیش نہیں کیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ ایسٹ ریکوری یونٹ علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور فیصل واڈا کی ناجائز جائیدادوں کی رقم واپس لے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات