Live Updates

مولانا فضل الرحمان اور ان کے ہمنوائوں کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے،

جنہیں عوام نے مسترد کیا ہے وہ منتخب حکومت گرانے کی سازشیں کر رہے ہیں،, ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ہفتہ 14 دسمبر 2019 13:19

مولانا فضل الرحمان اور ان کے ہمنوائوں کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ہمنوائوں کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، جنہیں عوام نے مسترد کیا ہے وہ منتخب حکومت گرانے کی سازشیں کر رہے ہیں، آستینیں چڑھا کر عوام کو درس دینے والے تبلیغی ٹولے کی کرپشن کے حساب کتاب کا وقت آ پہنچا ہے ، مسیحا کا بھیس بدل کر پھرنے والوں کے جعلی چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہونے جا رہے ہیں ، معاشی اعشاریوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جن کی عالمی مالیاتی ادارے بھی تصدیق کر رہے ہیں ، حکومت وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے ، سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثہ کو 10، 10لاکھ روپے ادا کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور پی آئی سی میں کھڑی عوام کی گاڑیوں کے اور ہسپتال کی دیگر املاک کے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے تخمینہ لگایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

گاڑیوں کے مالکان کو نقصان کے پیش نظر 75ہزا ر تاڈیڑھ لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے ۔ دل کے ہسپتال کی ایمر جنسی کو 24گھنٹوں کے قلیل وقت میں فعال کر دیا گیا ہے ۔ ہفتہ کو یہاں سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں استحکام کے بعد عوام کے ریلیف کی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ، حکومت وزیر اعظم عمران کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال میں جب عوام کی فلاح و بہبود و ترقی کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے تو ایسے ماحول میں سیاسی یتیموں کا ٹولہ اپنے آپ کو سیاسی محاذ پر زندہ رکھنے کیلئے چٹکلے چھوڑتا رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خود کو سیاسی قیدی کہنے والے کے ساتھ جڑے نیب کے 11ریفرنس ، کرپشن کے 20سے زائد کیسسز اور 30کے قریب نیب کی انکوائریاں چل رہی ہیں۔

جس کی سہولت کاری گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ نے کی اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلنے والا وزیر اعلیٰ سندھ کا طیارہ اس کیلئے استعمال ہوا ، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کو عمران خان سے حسد اور بغض کیوں ہی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ان کو صرف عمران سے یہ حسد اور بغض ہے کہ وہ ان کی عیاشیوں کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو سوچنا چاہئے کے ملزمان اور قیدیوں کی سرکاری وسائل پر اگر حکومتیں سہولت کاری کرتی رہیں گی تو یہ عوام سے مذاق اور ان کے لئے باعث تکلیف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کی ایک خاتون ترجمان میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے نت نئے دعوے کرتی ہیں اور پھر خود ہی ان کے نیچے دب جاتی ہیں۔ کل بھی ان کو باور کرایا تھا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد نومبر 2018ء میں انفارمیشن کمیشن معرض وجود میں آ چکا ہے جس کو 350سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں اور 100کے قریب درخواستوں پر کارروائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

انفارمیشن کمیشن مکمل طور پر فنکشنل اور آپریشنل ہے جس کے کمشنرز بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو گمراہ کرنے کی حکمت عملی کی شدید مذمت کرتے ہیں، معاون خصوصی نے کہا کہ آج کل میڈیا میں ایک رپورٹ کا تذکرہ ہو رہا ہے اور کہا جاتا ہے کہ آپ کہتے تھے کہ وہ بیمار نہیں ہے لیکن اب غیر ملکی ڈاکٹروں کی رپورٹ آ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے بھی میڈیکل ریورٹ کی روشنی میں ہی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کی اجازت دی تھی لیکن پھر قوم نے دیکھا کہ رپورٹس کچھ اور ان کے چہرے کچھ اور کہہ رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم اور ہمارے ورکرز پوچھ رہے ہیں کہ وہ سیاسی بیماروں کی آنیاں جانیاں دیکھیں یا میڈیکل رپورٹس انہوں نے کہا کہ حالیہ رپورٹس عدالت میں جمع کرائی گئی ہے حکومت کے پاس کی کاپی نہیں آئی جب رپورٹ آئے گی تو اس کو دیکھ کر آئین اور قانون کے مطابق زمینی حقائق کے تناظر میں حکمت عملی طے کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت کے جہرے ہشاش بشاش ، تندرست اور توانا ہیں اور وہ ایون فیلڈ کے اپنے محلات میں بیٹھ کر سیاست کر کے منتخب حکومت کے خلاف سازشوں کیلئے تندرست اور توانا ہیں۔

ان کی میڈیکل رپورٹس کے حقائق کے مطابق حکومت حکمت عملی طے کرے گی۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں بھی ایک اہم ایشو ہے کہ یہاں پر یرغمال بنانے والا ایک ٹولہ تھا جس نے یہاں کے صنعت کاروں ، کاروباری افراد اور تاجروں کو طاقت کے بل بوتے پر اپنی اسیری میں رکھا لیکن سیالکوٹ کی کاروباری برداری توقع کرتی ہے کہ اب صنعت کا پہیہ اور کاروبار چلے تاکہ غریب کے گھر کو چولہا جلے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایس ایم ای کے شعبہ کی ترقی کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان اور برآمد کنندگان کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی بنائی ہے ، حکومت سیالکوٹ کے برآمدکنندگان کے کردار کی معترف ہے ۔ یہ شہر ملکی معیشت کے لئے بڑا اہم ہے اور یہاں کے چھوٹے کا روباری افراد ، نوجوانوں اور ایس ایم ای سیکٹر کے اداروں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کر کے برآمدات کو بڑھانا چاہتے ہیں ، حکومت قرضوں کے حصول کیلئے بینکاری کے شعبہ میں ان کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے ۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم سیالکوٹ کو ایک گھر کی اسیری سے آزاد کر کے اس کو مثالی شہر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے علامہ اقبال کے شہر کو جدید ترین شہر بنانے کیلئے عوام مفاد کے کئی منصوبے شروع کئے ہیں ، جو بی او ٹی اور بپلک شراکت داری کے تحت مکمل کئے جائیں گے ۔

عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا شہر صنعت اور کاروبار کے حوالے سے ملک کی معیشت کے ماتھے کا جھومر ہے اسکو ترقی یافتہ شہروں کی صف میں لائیں گے ۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کاڈیالوجی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی آئی سی کا واقعہ ایک افسوسناک سانحہ ہے جس کی کسی بھی مہذب معاشرے میں اجازت نہیں دی جا سکتی ، بدقسمتی سے قانون کے محافظوں نے بڑی بے رحمی سے قانون کو اپنے ہاتھ لیا ، ان کے حوالے سے قانون نے اپنا راستہ اختیار کر تے ہوئے آہنی ہاتھوں کی طاقت سے ان کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں فوری طور پر چار اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔

جن کے تحت سانحہ پی آئی سی میں ہونے والی اموات پر جاںبحق افراد کے ورثا کو 10،10لاکھ روپے ادا کر دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہسپتال میں ہونے والے نقصانات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے ایمر جسنی کو 24گھنٹوں کے قلیل وقت میں دوبارہ فعال بنا دیا گیا ہے ۔ اور اس کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہسپتال میں موجود افراد اور ملازمین کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالہ کیلئے تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور نقصان کی بنیاد پر 75ہزار روپے سے ڈیڑھ لاکھ روپے ادا کر رہے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ کئے گئے اقدامات میں مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے مستقل بنیادوں پر نمٹنے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قانون بھی لایا جا رہا ہے تاکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں سیکیورٹی اور علاج معالجے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر سزا دی جا سکے ۔

اس سے پنجاب میں اسطرح کے واقعات کو روکنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے (ن) لیگ کے رہنما خواجہ آصف کے بارے میں ایک سوال پر کہا کہ آستینیں چڑھا کر عوام کو درس دینے والے تبلیغی ٹولے کو عوام دیکھ رہی ہے کہ پہلے ان کے صف اول کے سیاسی امام کی کارستانیاں اور سیاہ کاریاں سامنے آئی ہیں جو متعلقہ اداروں اور عدالتوں میں جواب دے ہیں ان سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے ۔

اب صف دوئم کے سیاسی نمازیوں کی سیاہ کاریاں عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ دوسروں پر انگلیاں والوں کے دامن داغ دار اور بدبو دار نکل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہر میں مسیحا کا جعلی بھیس بدل کر پھرنے والوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہونے جا رہے ہیں ۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہائوسنگ سوسائٹی میں اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے اور قومی اداروں میں کی گئی کرپشن کے حساب کتاب کا وقت آ پہنچا ہے ، ان کو چاہئے کہ وہ اب بھی اسی طرح چھاتی ٹھونک کر جواب دیںکیونکہ ان کے جواب دینے کا وقت آگیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات