Live Updates

آصف زرداری اور نواز شریف کی رہائی مستقل نہیں ہے ،

آصف علی زرداری، فریال تالپور اور مریم نواز کو باہر جاتا ہوا نہیں دیکھ رہا ، بلاول بھٹو پانچ کیسز میں نیب کو مطلوب ہیں،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جلو شٹل ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 14 دسمبر 2019 16:05

آصف زرداری اور نواز شریف کی رہائی مستقل نہیں ہے ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی رہائی مستقل نہیں ہے ،آصف علی زرداری، فریال تالپور اور مریم نواز کو باہر جاتا ہوا نہیں دیکھ رہا ، بلاول بھٹو پانچ کیسز میںنیب کو مطلوب ہیں، اس میں انہوں نے پلی بار گین نہ کی تو مریم نواز کی طرح ان کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی ،مولانافضل الرحمان نے خود اعتراف کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہاتھ ہوگیاہے ،پی آئی سی واقعہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا تشخص مجروح ہواہے او ریہ کہاجارہاہے کہ ہم قوم نہیںبلکہ ہجوم ہیں ،نریندر مودی جس طرح کے اقدامات کر رہاہے اس سے پاکستان اوربھارت کے در میا ن کشیدگی بڑھے گی اور یہ صورتحال جنگ کی طر ف جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوںنے جلو شٹل ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ رائیونڈ اور گوجرانوالہ کیلئے بھی شٹل ٹرین سروس چلائیں گے اور اس کا کرایہ 100روپے رکھا جائے گا حالانکہ ہمیں اس میںنقصان ہوگا لیکن وزیراعظم عمران خان عوام کو سہولتیںدینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایم ایل ون کا افتتاح کریں گے اور اس کا پی سی ون مارچ تک مکمل ہوجائے گا جس کے تحت پشاور سے کراچی تک نیا ٹریک ہوگا جس سے سفر میں کئی گھنٹوں کی کمی واقع ہوگی ۔

انہوںنے نواز شریف کے بعد آصف زرداری کی رہائی بارے سوال کے جواب میں کہاکہ یہ کوئی دائمی رہائی نہیں ہے ، نواز شریف کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی ہے ۔ و فا قی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری، فریال تالپور اور مریم نوازکو باہر جاتا نہیںدیکھ رہا ۔ بلاول بھٹو پانچ کیسز کا حصہ ہیں اور جن کمپنیوں پر کیسز ہیں وہ ان کے ڈائریکٹر ہیں ۔ اگر بلاول نے پلی بار گین نہ کی تو مریم نواز کی طرح ان کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے تقررکے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے پر کچھ لواور کچھ دوکرناچاہیے کی باتیں غیر آئینی ہیں ، جب یہ کہتے ہیں کہ ایک (ن)لیگ کاہواور ایک پیپلز پارٹی کاہو تواس کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے جبکہ مطالبات شفاف انتخابات کے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں پیش آنے والے واقعہ پر پوری قوم غم میں ہے اور اس سے پوری دنیا میں پاکستان کا تشخص مجروح ہوا ہے ،یہ کہا جارہاہے کہ ہم قوم نہیں بلکہ ہجوم ہیں، یہاں انسانیت کے دشمن ہیں جوبیماروں اور ہسپتالوںکو بھی نہیںبخشتے، لاہور پاکستان کا دل ہے اور اس واقعہ سے پوری قوم رنجیدہ ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت دو سے تین ماہ میں مہنگائی، بیروزگاری ، بجلی اور گیس کے بلوں پر کنٹرول کرلے گی ۔ مولانا فضل الرحمان کے دعوے کے سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس دسمبرکو آخری دسمبر کہہ رہے ہیں، وہ جس دسمبر کی بات کر رہے ہیں وہ تین سال بعد آئے گا ۔ اصل میں مولانافضل الرحمان سے ہاتھ ہو گیا ہے اور انہوںنے خود اس کا اعتراف کیا ہے، اس کا فائدہ آصف علی زرداری او رنواز شریف نے اٹھایاہے ۔

انہوںنے کہا کہ مودی نے جس طرح کے اقدامات اٹھائے ہیں مسلمانوں پر بالآخر فرض ہو گیا ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائیوں کے لئے کھڑے ہوں ۔ پاکستا ن اوربھارت میں کشیدگی بڑھے گی اور یہ صورتحال جنگ کی طرف جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف ہم افغانستان میں صورتحال بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور دوسری جانب مودی مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔

قبل ازیں وزیرریلوے شیخ رشید نے لاہور واہگہ شٹل ٹرین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ٹرین لاہور سے واہگہ اور واہگہ سے لاہور 3،3 چکر لگائے گی۔ جلو شٹل ٹرین میں 2 اکانومی کلاس کی کوچز اور ایک پاور وین پر مشتمل ہیں۔ ٹرین 30 کلو میٹر کا فاصلہ ایک گھنٹے میں طے کرے گی ، کرایہ0 3 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ تفریح کے دلدادہ شہریوں کیلئے خوشخبری ہے کہ 25سال بعد لاہور ریلوے سٹیشن سے واہگہ تک جلو شٹل ٹرین سروس بحال کردی گئی۔

جلو شٹل ٹرین لاہور سے واہگہ کے درمیان دن میں 6 بار چلے گی۔ جلو شٹل ٹرین صبح 5 بجے لاہور ریلوے سٹیشن سے روانہ ہوگی۔ ٹرین 5 بجکر 12 منٹ پر مغل پورہ ، 5 بجکر 24 منٹ پر ہربنس پورہ ، 5 بجکر 35 منٹ پر جلو پارک ، 5 بجکر 46منٹ پرجلو اور 6 بجے واہگہ ریلوے سٹیشن پہنچی گی۔ واہگہ سے ٹرین صبح6بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوگی اور 7بجکر 45منٹ پر لاہور ریلوے سٹیشن آئے گی۔

دوسرے چکر میں 11 بجے لاہور سے روانہ ہوکردوپہر 12 بجے واہگہ ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔ واہگہ سے ٹرین ایک بجے روانہ ہوکردوپہر 2 بجے لاہور ریلوے سٹیشن پہنچے گی۔ ٹرین تیسرے چکرمیں سہ پہر 4 بجکر 15 منٹ پرلاہورسیروانہ ہوکر 5 بجکر 15 منٹ پرواہگہ پہنچے گی۔جلو شٹل ٹرین کو تاریخی عمارتوں کی تصاویرسے سجا دیا گیا۔ شاہی قلعہ،بادشاہی مسجد،مینارپاکستان،مزاراقبال اورشالامارباغ کی تصاویرآویزاں کردی گئی۔ٹرین پر واپڈاہاؤس،لاہورمیوزیم،چوبرجی،پنجاب اسمبلی کی تصاویربھی لگا ئی گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات