Live Updates

سابق حکمران مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے ذمہ دار ہیں ،پرویزخٹک

حکومت معیشت کو صحیح سمت پر لارہی ہے، ہم جلد قرضے واپس کر کے عالمی اداروں کی غلامی سے نجات حاصل کر لیں گے، وفاقی وزیر دفاع

ہفتہ 14 دسمبر 2019 18:05

سابق حکمران مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے ذمہ دار ہیں ،پرویزخٹک
پشاور۔14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اسلام، پختون اورروٹی کپڑامکان کے نام پرسیاست کی گئی،اگرپی ٹی آئی غلط ہے تو عوام ہماراساتھ نہ دیں ورنہ ان چوروں کے خلاف کھڑے ہوجائیں، مہنگائی اور ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت نہیں بلکہ سابق حکمران ہیں جنہوں نے ملک کو معاشی طور پر تباہ حال کیا لیکن ہماری حکومت معیشت کو صحیح سمت پر لارہی ہے اور ہم جلد قرضے واپس کرتے ہوئے عالمی اداروں کی غلامی سے نجات حاصل کر لیں گے۔

وہ ہفتہ کے روزعمرزئی چارسدہ میں سابق معاون خصوصی ارشد عمرزئی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا کہ ارشد عمرزئی کے بھائی عالمزیب عمرزئی شہیدسے میراقریبی تعلق تھا،وہ غریب دوست تھا،ملک میں دوطبقات ہیں ایک خدمت کرناچاہتاہے اوردوسراصرف حکومت جس نے کبھی بھی عوام کاخیال نہیں کیا،ہم نے اداروں میں اصلاحات کیں تاکہ غریبوں کافائدہ ہو،ہم نے تھانوں اورسکولوں کی سیاست ختم کی اور ہسپتالوں کا نظام درست کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کوصحت انصاف کارڈ دیاگیا،ہم نے رشوت ختم کی اورپٹواری کوٹھیک کیا،عوام ووٹ توڈالتی ہے لیکن ان لوگوں نے عوام کوکچھ نہیں دیا،یہ لوگ پٹواریوں سے ملے ہوئے تھے جن سے اپنے مفادات حاصل کرتے تھے ،بغیرپیسے کے بھی اصلاحات کے ذریعے عوام کی خدمت کی جاسکتی ہے،عوام کوان سابق حکمرانوں نے بے عزت کیا، جورشوت ختم کرسکے اورنہ نظام بناسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کام سے ٹھیک ہوگا، تقاریر سے نہیں، ان رہنماں کوعوام سے محبت نہیں،دنیاانصاف کی بنیادپرچل رہی ہے ،پیسے کی کوئی کمی نہیں لیکن اگرعوام پرخرچ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی لاکربتلائی اوررشوت اورکمیشن ختم کی،یہ پروپیگنڈہ ہے کہ عمران کی وجہ سے مہنگائی ہے،سابق حکمرانوں نے خزانہ خالی چھوڑا اب معیشت کی تباہی کے نوحے پڑھتے ہیں،عوام ان چوروں کاتماشادیکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کوبیس ارب ڈالرزکی ضرورت ہے جوآرہے ہیں اسی لئے عمران خان نے سخت فیصلے لئے کیونکہ گھر کو سنوارنے اور تباہی سے بچانے کیلئے سخت فیصلے لینے پڑتے ہیں ،ہم ملکی قرضہ ختم کریں گے تاکہ غلامی سے نجات مل سکے،ہماری نظریں انہوں نے نیچی کیں،ایک ہزارارب ہم نے سودمیں اداکیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری آمدنی اوراخراجات میں فرق کوپچاس فیصد کم کیا جوسوفیصد درست کریں گے،سب کوٹیکس اداکرناہوگا،ٹیکس کی عدم ادائیگی پر تو امریکہ جیسا ملک بھی نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سب اپنا حق اداکریں توملک ترقی کریگا،اگرقوم عمران خان کے ساتھ کھڑی نہ ہوئی توملک تباہ ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ریجنل صدرفضل محمدخان نے کہا کہ وزیراعظم نے اعلان کیاتھاکہ ملک وقوم کے چوروں پرہاتھ ڈالوں گا،عمران خان نے اپنی کہی بات سچ کردکھائی قوم اس کاساتھ دے،اس شمولیت سے چارسدہ میں پی ٹی آئی مزیدمضبوط ہوگی۔

سابق معاون خصوصی ارشد عمرزئی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قوم کی خدمت کی اوراسی میں ہمارے بھائی عالمزیب عمرزئی شہیدہوئے،ہم نے غریبوں کی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائی اسی لئے اسے منظرسے ہٹادیاگیا،ہم اپنے شہیدبھائی کامشن جاری رکھیں گے،ہم پاکستان تحریک انصاف میں اپنابھرپورکرداراداکریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات