پاکستان۔ پولینڈ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں دور وارسا میں منعقد ،

سیاست ، معیشت ،تجارت ، سرمایہ کاری ، تعلیم اور ثقافتی شعبوں سمیت تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ

ہفتہ 14 دسمبر 2019 20:44

پاکستان۔ پولینڈ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں دور وارسا میں منعقد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2019ء) پاکستان۔ پولینڈ دوطرفہ سیاسی مشاورت کے ساتواں دور وارسا میں منعقد ہوا ، جس میں دونوں اطراف نے سیاست ، معیشت ،تجارت ، سرمایہ کاری ، تعلیم اور ثقافتی شعبوں سمیت تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا ، دونوںجانبین نے بین الاقوامی اور علاقائی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دفتر خارجہ کی طرف سے یہاں ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق مشاورت کے دوران سپیشل سیکرٹری (یورپ) ڈاکٹر امان راشد اور انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ برائے مشرقی پالیسی و ایشیائی پالیسی مارسین پرزیڈیکز نے اپنے متعلقہ وفود کی قیادت کی ، دونوں اطراف نے دوستانہ اور قریبی نوعیت کے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سپیشل سیکرٹری نے پاک فضائیہ کے سنگ بنیاد رکھنے میں معاونت پر پولینڈ کے ہوا بازوں بالخصوص ایئر کموڈور ٹیورو ویکز کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

پولینڈ کے نائب وزیر نے دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کے 30ہزار پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ڈاکٹر امان راشد نے پولینڈ کے وفد کو کاروباری ماحول کی بہتری اور کاروباری ا?سانیاں پیدا کرنے سمیت پاکستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفتوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پولینڈ کے کاروباری اداوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول سے استفادہ کریں۔

پولینڈ کے وفد کو بھارتی مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے مقصد کیلئے بھارت کی جانب سے 5اگست کے بعد سے اٹھائے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی برداری پر زور دیا گیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالیں کے وہ جموں کشمیر میں مظالم کا سلسلہ بند کرے اور عالمی برداری مسئلہ کشمیر پر امن حل کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔

پولینڈ کے وفد کو افغانستان میں امن و مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کی حمایت پر بھی بریفنگ دی گئی۔اس بات پر زور دیا گیا کہ افغان ملکیتی اور افغان قیادت میں سیاسی مذاکراتی حل سے اس مسئلہ پر آگیبڑھنے میں مدد ملے گی۔ پولینڈ کی جانب سے افغان امن عمل میں پاکستان کے تعمیر کردار کی تعریف کی گئی۔ پولینڈ کو ملک میں ہونے ہوالی پیشرفتوں اور خطہ بشمول ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

پولینڈ کے وفد کے سربراہ نے پاکستانی کمپنیوں کو پولینڈ میں موجود مواقعوں سے استفادہ کرنے کی دعوت دی اور موسمی تغیر کے چیلنجیز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف میں دوطرفہ تعاون بالخصوص زراعت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں اتفاق کیا گیا۔ پاکستان۔پولینڈ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس کیلئے تاریخ کا اعلان باہمی اتفاق سے کیا جائے گا۔