کرس گیل کے بعد ایک اورویسٹ انڈین کھلاڑی نے ریٹائرمنٹ پر یوٹرن لے لیا

ڈوین براوو نے انٹر نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا

ہفتہ 14 دسمبر 2019 21:22

کرس گیل کے بعد ایک اورویسٹ انڈین کھلاڑی نے ریٹائرمنٹ پر یوٹرن لے لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2019ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر ڈووین براوو نے اپنے کرکٹ بورڈ کے روئیے سے تنگ آ کر کیا گیا ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لے لیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سلیکشن کیلئے دستیاب ہیں۔تفصیلات کے مطابق 36 سالہ آل رائونڈر نے کہا کہ میں اپنے مداحوں اور خیر خواہوں کیلئے اعلان کرتا ہوں کہ میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے رہا ہوں۔

یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں کہ میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ میں ہونیوالی انتظامی تبدیلیوں کی وجہ سے واپس لیا ہے۔ میں کچھ عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا سوچ رہا تھا اور انتظامیہ میں مثبت تبدیلیوں نے میرے لئے فیصلہ آسان کر دیا، انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کردی کہ وہ دیگر کسی فارمیٹ میں واپسی کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں،ڈوین براوو نے کہا کہ اگر انہیں ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب کیا گیا تو وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں خدمات کی انجام دہی کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان صلاحیت کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی ان کیلئے پرجوش تجربہ ہوگا۔یادرہے کہ ڈوین براوو نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے سابق صدر ڈیو کیمرون پر کھلاڑیوں کے کیرئیر تباہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ اس سے قبل ڈوین براوو کی قیادت میں بھارت میں کھیلنے والی ویسٹ انڈیز ٹیم نے بورڈ کیساتھ تنخواہوں کے تنازعہ کے باعث دورہ بھی ادھورہ چھوڑ دیا تھا

متعلقہ عنوان :