سندھ حکومت نے بحریہ ٹائون عمل درآمد کیس کی جلد سماعت کے لئے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی

ہفتہ 14 دسمبر 2019 22:38

سندھ حکومت نے بحریہ ٹائون عمل درآمد کیس کی جلد سماعت کے لئے درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2019ء) بحریہ ٹائون کی سپریم کورٹ میں جمع ہونیوالی رقوم کا معاملہ ،سندھ حکومت نے بحریہ ٹائون عمل درآمد کیس کی جلد سماعت کے لئے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے سپریم کورٹ سے ملک ریاض حسین کے زریعے جمع ہونے والی رقم مانگ لی۔ استدعا کی گئی کہ مستقبل قریب میں جمع ھونے والی رقوم سندھ حکومت کے بنک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے، کیس کی سماعت 16دسمبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں مقرر کی جائے۔

استدعا کی گئی کہ پیر یا کوئی بہتر تاریخ سماعت کے لئے مقرر کی جائے۔ استدعا کی گئی کہ عمل درآمد کیس کی سماعت میں تاخیر سے صوبہ سندھ کو مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے مختص شدہ بجٹ میں کم حصہ مل رہا ہے، جس وجہ سے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں مشکلات ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

جون 2019تک وفاق کی جانب سے 605 ارب کی مختص بجٹ سے صرف 493ارب روپے فراہم کئے گئے،گزشتہ سال پی ایس ڈی پی کی مد میں مختص شدہ بجٹ 14ارب روپے سے صرف 9 ارب روپے ملے، استدعا کی گئی کہ اس لئے بحریہ ٹائون کراچی کیس میں جو رقم جمع کرائی گئی ہے وہ سندھ حکومت کو منتقل کی جائے۔

استدعا کی گئی کہ مستقبل قریب میں جمع ہونے والی رقوم بھی سندھ حکومت کے بنک اکائونٹ میں منتقل کی جائیں۔جلد سماعت کی درخواست چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈوکیٹ جنرل سندہ کے توسط سے دائر کی۔