Live Updates

ملائشیا میں او آئی سی کے متوازی کوئی تنظیم کھڑی نہیں کی جارہی: شاہ محمود قریشی

کوالا لمپور میں او آئی سی کے مد مقابل ملائشیا میں ایک نیا پلیٹ فارم بننے کا تاثر وہ طاقتیں پیدا کررہی ہیں جو امہ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں: وزیرِ خارجہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 دسمبر 2019 11:32

ملائشیا میں او آئی سی کے متوازی کوئی تنظیم کھڑی نہیں کی جارہی: شاہ محمود ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔15دسمبر2019ء) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملائشیا میں او آئی سی کے متوازی کوئی تنظیم کھڑی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کوالا لمپور میں او آئی سی کے مد مقابل ملائشیا میں ایک نیا پلیٹ فارم بننے کا تاثر وہ طاقتیں پیدا کررہی ہیں جو امہ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ مسلم ممالک آپس میں سائنسی ، فنی اور تعلیمی تعاون نہ کرسکیں اور اس وجہ سے ایسے بے جا تاثرا ت قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تاثرات کو ختم کرنا ہر ذی شعور دانشور کا کام ہے ، یہ تاثر ات درست نہیں ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہے اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے بہت اچھے تعلقات ہیں اور ملائشیاکے ساتھ بھی بہت خوشگوار تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض بنتاہے کہ مسلم ممالک میں جہاں بھی شکوک شبہات ہوں وہاں کر دار ادا کریں ، پچھلے دنوں ایران اور سعودی عرب کے درمیان جو فضاءبنی تھی اس پر وزیر اعظم فوری طور پر ایران اور سعودی عرب گئے جس سے کشیدگی کی اس فضاءکاخاتمہ ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ سعود ی عرب کے ساتھ ہماری کوئی غلط فہمی نہیں ہے اورماضی کی جوغلط فہمیاں تھیں ،تحریک انصاف کی حکومت آنے پر ان کا خاتمہ کیاگیا ۔

انہوں نے کہا کہ مہاتیر محمد نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت کیلئے رسمی دعوت دینے کیلئے اپنے وزیر خارجہ کو سعودی عرب بھیجا تھا کیونکہ وہ سعودی عرب کو مسلم دنیا کا ایک اہم رکن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کوالالمپور سمٹ او آئی سی کے متوازی تنظیم کے طور پر نہیں بنائی جا رہی یہاں تک کہ وہ اس معاملے کی وضاحت کیلئے سعودی عرب کا دورہ کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسطرح کے خیالات اور مفروضے وہ عناصر پیدا کر رہے ہیں جو مسلم دنیا کے اتحاد سے خائف ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے دونوں ممالک کا دورہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کسی قسم کی غلط فہمی نہیں بلکہ موجودہ حکومت نے ماضی میں پیدا کی گئی غلط فہمیوں کو دور کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات