مدینہ منورہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے روانہ نہ ہوسکی

پی آئی اے کا عملہ مسافروں کو بورڈنگ پاس دے کر ائیرپورٹ سے غائب ہوگیا، عمرہ زائرین اور مسافر 6گھنٹے سے پریشان

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 15 دسمبر 2019 12:01

مدینہ منورہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے روانہ ..
مدینہ منورہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 دسمبر2019ء) : مدینہ منورہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے روانہ نہیں ہوسکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کا عملہ مدینی ائیرپورٹ پر مسافروں کو بورڈنگ پاس دے کر ائیرپورٹ سے غائب ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 714 چھے گھنٹے قبل مدینہ منورہ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونا تھی لیکن ابھی تک پرواز روانہ نہیں ہوسکی جس کی وجہ طیارے کا موجود نہ ہونا بتائی جارہی ہے۔

پرواز تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے ائیرپورٹ پر موجود عمرہ زائرین اور مسافر 6گھنٹے سے پریشان حال ہیں اور انکا کوئی مددگار وہاں نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق مدینہ منورہ ائیرپورٹ پر ایک دل کی مریضہ کو ہسپتال سے لایا گیا ہے جنہوں نے اسلام آباد پہنچنا ہے لیکن پرواز تاخیر کا شکار ہونے کہ وجی سے وہ شدید تکلیف میں ائیرپورٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

مسافروں نے ائیرپورٹ پو احتجاج کرنا شروع کردیا ہے۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی جانب سے انہیں کوئی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے اور بے یارومددگار وہاں بیٹھے ہیں اور انکا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے جبکہ باکمال لوگ اپنی بے مثال سروس بھلا کر بورڈنگ پاس دینے کے بعد غائب ہو گئے ہیں اور مسافروں کو انکے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی آئی اے اس سے قبل بھی ایسے مسائل سے دوچار ہوچکی ہے۔ ائیرلائن کے پاس طیاروں کی تعداد پوری نہیں ہے جس کی وجہ سے اکثر اوقات ایسے مسائل سامنے آتے رہتے ہیں۔ گزشتہ دنوں پی آئی اے کے بیڑے میں مزید طیارے شامل کیے گئے ہیں لیکن ابھی تک ضرورت پوری نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے مسافر کوار ہورہے ہیں جبکہ ائیرلائن کا عملہ بھی تعاون نہیں کر رہا۔