Live Updates

راولپنڈی ٹیسٹ کسی نتیجے کے بغیر ختم

بابر اعظم اور عابد علی کی سنچریاں،پاکستان نے 2وکٹوں پر 252رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 15 دسمبر 2019 16:36

راولپنڈی ٹیسٹ کسی نتیجے کے بغیر ختم
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 دسمبر2019ء) راولپنڈی ٹیسٹ کسی نتیجے کے بغیر ختم ۔سری لنکا نے ٹیسٹ میچ کے آخری دن اپنی پہلی اننگز 308 رنز 8 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈیکلیر کردی جس کے بعد پاکستان نے 2وکٹوں پر 252رنز بنائے ۔راولپنڈی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز کے ساتھ اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

دھننجیا ڈی سلوا نے اپنی سنچری مکمل کی اور سری لنکا نے اپنی اننگز 308 رنز ڈکلیئر کردی۔پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پاکستان کی پہلی وکٹ 3 رنز پر ہی گر گئی، شان مسعود کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے،90 کے مجموعی سکور پر کپتان اظہر علی کی صورت میں پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، انہوں نے 36 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

جسکے بعد بابر اعظم میدان میں اترے، اسی دوران اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے عابد علی نے اپنی پہلی نصف سنچری سکور کی جس کے بعد چائے کے وقفے کے بعد انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل کی،بابر اعظم نے بھی اپنی تیسری ٹیسٹ سنچری سکور کی اور پاکستان نے 2وکٹوں پر252رنز بنائے جب امپائرز نے کم روشنی کے باعث کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے 4 دنوں میں بارش، گیلی آﺅٹ فیلڈ اور خراب روشنی کے باعث صرف 91 اوورز کا ہی کھیل ہوسکا ہے، جس کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ ختم ہونا یقینی ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ نے شائقین کرکٹ کےلئے میچ دیکھنے کےلئے ٹکٹ کی شرط ختم کر دی ہے، میچ دیکھنے کےلئے شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگا۔راولپنڈی سٹیڈیم میں عمران خان انکلوژر، جاوید میانداد انکلوژر ،جاوید اختر انکلوژر اور اظہر محمود انکلوژر میں فری انٹری کی اجازت نہیں ہے صرف مران بخش انکلوژر، یاسر عرفات انکلوژر اور سہیل تنویر انکلوژر میں فری انٹری دی گئی ہے۔قومی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، عثمان شنواری، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات