ہٹمائر اور ہوپ کی شاندار سنچریاں، کالی آندھی نے بھارت کو پہلے ون ڈے میچ میں با آسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا

فاتح ٹیم نے 288 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں محض 2 وکٹوں پر حاصل کیا، ہٹمائر 139 رنز بنا کر نمایاں، ہوپ 102 رنز بنا کر ناقابل شکست، ہٹمائر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 15 دسمبر 2019 22:55

ہٹمائر اور ہوپ کی شاندار سنچریاں، کالی آندھی نے بھارت کو پہلے ون ڈے ..
چنئی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2019ء) شائی ہوپ اور شمرون ہٹمائر کی شاندار سنچریوں کی بدولت کالی آندھی نے بھارت کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 288 رنز کا ہدف با آسانی 48ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ہٹمائر اور ہوپ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب درگت بنائی، ہٹمائر نے 139 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ ہوپ 102 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، شیریاس آئر اور ریشبھ پانٹ کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں، ہٹمائر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اتوار کو چنئی میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈین قائد کیرن پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے، ریشبھ پانٹ اور شیریاس آئر کے سوا کوئی بھی بھارتی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا،پانٹ 71 اور شیریاس 70 رنز بنا کر نمایاں رہے، روہت شرما 36، لوکیش راہول 6، کپتان ویرات کوہلی 4، کیدر جادھو 40، روندرا جدیجا 21 اور شیوام 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، دیپک چھاہار 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شیلڈن کوٹریل، کیموپال اور الزاری جوزف نے 2، 2 اور کیرن پولارڈ نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 47.5 اوورز میں محض 2 وکٹوں پر پورا کیا، مہمان ٹیم کو 11 کے سکور پر سنیل ایمبرس کا نقصان اٹھانا پڑا جو 9 رنز بنا سکے، اس موقع پر ہوپ اور ہٹمائر حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان بائولرز کی خوب دھنائی کی اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 218 رنز جوڑ کر سکور 229 تک پہنچا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، یہاں پر ہٹمائر 139 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد شامی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد نیکولاس پوران نے ہوپ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ میں 62 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، ہوپ 102 اور پوران 29 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شامی اور چھاہار نے ایک، ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :