پاکستان کو آئندہ سال ہونے والی سی او پی 26 کا نائب صدر منتخب کر لیا

پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات سے متعلق 6 اہم کمیٹیوں کا رکن بھی منتخب کیا گیا ہے، وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین کی گفتگو

اتوار 15 دسمبر 2019 23:20

پاکستان کو آئندہ سال ہونے والی سی او پی 26  کا نائب صدر منتخب کر لیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2019ء) سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے ماحولیاتی تبدیلی (یو این ایف سی سی سی) کی 25 ویں ممبر جماعتوں کی کانفرنس (سی او پی 25) میں عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کے لئے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو آئندہ سال ہونے والی (سی او پی 26) کا نائب صدر اور موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات سے متعلق6 اہم کمیٹیوں کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔

اتوار کو وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے سی او پی 25 میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مذاکرات میں اعلی عہدوں پر منتخب ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیرات اور پاکستان کو لاحق ماحولیاتی خطرات کے پیش نظر پاکستان نے اپنے موجودہ وسائل کی بدولت ماحول کے تحفظ کیلئے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کو کم کرنے کے لئے اپنے بنیادی اقدامات کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے علاوہ ماحولیاتی تبدیلی کے سی او پی کے نائب صدر کے عہدے کو حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو چھ اہم کمیٹیوں کا ممبر بھی بنایا گیا ہے جن میں سی ڈی ایم ایگزیکٹو بورڈ، ممبر آف آڈاپٹیشن کمیٹی، ممبر آف ٹیکناجولی ایگزیکٹو کمیٹی، ممبر آف پیرس ایگریمنٹ کمپلائنس کمیٹی، ممبر آف آڈاپٹیشن فنڈ بورڈ اور ممبر آف وارسا انٹرنیشنل میکنیرم برائے تباہی و نقصانات شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سی او پی 26 ایک اہم کانفرنس ہے کیونکہ وہ پیرس معاہدے کے وعدوں کو باضابطہ طور پر عمل درآمد کرانے کا آغاز کرے گی۔ اس کے علاوہ ڈبلیو آئی ایم کی رکنیت بھی اہم ہے کیونکہ امید ہے کہ اس سے متعلق اقدامات کو اگلے سال عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ یو این ایف سی سی سی کو پارٹیز کانفرنس (سی او پی 26) کے 26 ویں اجلاس کا انعقاد برطانیہ کے شہر گلاسگو میں 9 سے 19 نومبر 2020 ء تک منعقد کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ 10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ اور ایکو سسٹم کی بحالی فنڈ نے سی او پی 25 میں عالمی سطح پر شناخت اور پذیرائی حاصل کی جس میں یو این اور دیگر دوست ممالک نے فنڈ میں حصہ ڈالنے کیلئے دلچسپی ظاہر کی۔