Live Updates

تحریک انصاف ملک میں تبدیلی لانے اور کرپشن کا خاتمہ کرنے کیلئے وجود میں آئی ہے، سید جعفر شاہ

پیر 16 دسمبر 2019 12:05

تحریک انصاف ملک میں تبدیلی لانے اور کرپشن کا خاتمہ کرنے کیلئے وجود ..
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک میں تبدیلی لانے اور کرپشن کا خاتمہ کرنے کیلئے وجود میں آئی ہے ، گلگت کے مقام کنوداس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید جعفر شاہ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹکٹ ان افراد کو ملیں گے جو الیکشن جیتنے کی اہلیت رکھتے ہوں، ٹکٹ دینے سے پہلے حلف بھی لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے پیسے کھانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، کرپٹ عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی والے واویلا کر رہے ہیں کہ ہمارے قائدین بے گناہ ہیں تو جیلوں میں کیوں بند ہیں اور نیب عدالتوں کے چکر کیوں لگا رہے ہیں، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے اپنے دور میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا حلقہ نمبر 1گلگت میں عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا، کنوداس کے عوام صاف پانی کے لئے ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق عمران خان ہی دیں گے ، عوام کی محرومیوں کا ازالہ تحریک انصاف کی حکومت میں ہی ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر گلگت ڈویڑن گلاب شاہ آصف نے کہا ہے وفاق میں جس طرح تبدیلی آئی ہے اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی تبدیلی آئے گی اور تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی ۔

اس موقع پر سینئر رہنماء فاروق احمد نے کہا کہ حلقہ 1گلگت میں سیاست کے نام پر مذہبی کارڈ کھیلا گیا ، جس کی وجہ سے آج تک یہ حلقہ ترقی نہیں کرسکا ہے ، یہاں کے منتخب نمائندے صرف عوام کو الیکشن کے وقت بے وقوف بنانے کیلئے نظر آتے ہیں الیکشن جیتنے کے بعد اسلام آباد سے گلگت نہیں آتے ہیں۔ اس موقع پر سینئر رہنما محمد شاہد نے کہا کہ تبدیلی نوجوانوں سے آئے گی اور انشاء اللہ نوجوان طبقہ صدر جعفر شاہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ،اس موقع پر سابق صوبائی صدر آئی ایس ایف اویس محبوب نے کہا کہ آئی ایس ایف پی ٹی آئی کے فعالیت کے لیے ہر وقت تیار ہے، نوجوانوں سے ہی پارٹیاں چلتی ہے ، سینئر رہنما ابرار بگورو، حنیف گولڈن ، اجلال احمد و دیگر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قوم تبدیلی کے طرف آرہی ہے اور یہ تبدیلی انشاء اللہ 2020کے انتخابات میں نظر آئے گی۔

اس موقع پر حلقہ ایک سے پی ایس ایف اور ایم ایس ایف کے نوجوانوں کے علاوہ کثیر تعداد میں افراد نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جنہیں صوبائی صدر جسٹس (ر) سید جعفر شاہ نے ہار پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات