سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا‘ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ

قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے ،ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جارہا ہے ‘ مسرت چیمہ

پیر 16 دسمبر 2019 12:47

سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2019ء) چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا ، قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے شانہ بشانہ ہے اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقریب میںخطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بزدل دشمن ننھے طلبہ اور اساتذہ پر حملہ کرنے کے بعد یہ سمجھ رہا تھاکہ شاید وہ اپنے عزائم میںکامیاب ہو گیا ہے لیکن یہ اس کی بھول تھی ، پاکستانی قوم نے اس سانحہ کو کمزوری بنانے کی بجائے طاقت میں بدلا اور اس کے بعد دہشتگردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاںکی گئیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم اورپاک افواج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان میںامن بحال ہوا ہے اور انشا اللہ اب یہ پائیدار ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم سانحہ اے پی ایس کے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے خاندان ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں۔