کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ، ریئر ایڈمرل محمد یوسف العاصم نے نیول ہیڈ کوارٹرز ، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی

پیر 16 دسمبر 2019 12:22

کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 دسمبر2019ء) کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ، ریئر ایڈمرل محمد یوسف العاصم نے نیول ہیڈ کوارٹرز ، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

نیول ہیڈکوارٹرز پہنچنے پرچیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان کا نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

بعد ازاں، ریئر ایڈمرل محمد یوسف العاصم نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نیول چیف نے کہا کہ دونوں بحری افواج کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات قائم ہیں اور پاک بحریہ نے رائل بحرین نیول فورس کے تشکیلی سالوں میں تربیت یافتہ افرادی وسائل فراہم کیے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدداُمور بشمول دو طرفہ بحری تعاون، علاقائی میری ٹائم سکیورٹی واستحکام اور پاک بحریہ اور رائل بحرین نیول فورس کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں اضافے اور مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف آف دی نیول سٹاف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کاوشوں پر روشنی ڈالی اور خطے میں بحری امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔

نیول چیف نے پاکستان کے زیر اہتمام کثیرالملکی سمندری مشق امن 9- 1میں رائل بحرین نیول فورس کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ رئیر ایڈمرل محمد یوسف العاصم نے سمندری مشق امن 9- 1 کے کامیاب انعقاداورخطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کردار کو سراہا۔ دونوں معزز شخصیات نے مختلف بحری شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔


کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کو بحر ہند کی سکیورٹی منظر نامے کے متعلق پاک بحریہ کے نظریے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے معززمہمان کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم ، کشمیری عوام کی حالت زار اور کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی جدو جہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں آگاہ کیا۔
اُمیدہے کہ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کے دورے سے بالعموم دونوں ممالک اور بالخصوص بحری افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کومزید فروغ ملے گا۔