Live Updates

وزیراعظم عمران خان کل شروع ہونے والے پناہ گزینوں سے متعلق پہلے عالمی فورم (جی آر ایف) میں شرکت کریں گے

پیر 16 دسمبر 2019 13:04

وزیراعظم عمران خان کل شروع ہونے والے پناہ گزینوں سے متعلق پہلے عالمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کل منگل کو شروع ہونے والے پناہ گزینوں سے متعلق پہلے عالمی فورم (جی آر ایف) میں شرکت کریں گے۔ پیر کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر (یو این ایچ سی آر) اور سوئٹزرلینڈ کی حکومت جی آر ایف کی مشترکہ میزبانی کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور کوسٹا ریکا، ایتھوپیا اور جرمنی کے رہنمائوں کے ساتھ پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے اپنے مثالی کردار کے باعث فورم کی مشترکہ صدارت کی دعوت دی ہے۔ پناہ گزینوں کے بارے میں عالمی فورم 21 ویں صدی کے پناہ گزینوں کے بارے میں پہلا بڑا اجلاس ہے جو اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے یو این ایچ سی آر اور سوئٹزرلینڈ کی حکومت کی جانب سے (آج) 17 اور (کل) 18 دسمبر کو منعقد ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس بھی فورم سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ فورم کے انعقاد سے دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے مختلف ممالک، بین الاقوامی تنظیموں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی طرف سے کئے جانے والے وعدوں کو وسیع البنیاد بنانے اور سیاسی حمایت اور یکجہتی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم افغان پناہ گزینوں کے حوالے سے پاکستان کے کردار اور تجربہ سے متعلق ملک کے نکتہ نظر کو واضح کریں گے۔ مشترکہ طور پر پناہ گزینوں سے متعلق عالمی فورم کا انعقاد پچھلے چالیس سال کے دوران افغان بھائیوں اور بہنوں کے لئے پاکستان کے لوگوں کے جذبے اور پاکستان کی فراخ دلی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا اعتراف ہے۔ وزیراعظم جنیوا میں قیام کے دوران مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں اور اقوام متحدہ کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے دیئے جانے والے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات