جامعہ سندھ کے ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل سکول حیدرآباد میں کھیلوں کا ہفتہ شروع ہو گیا

منگل 17 دسمبر 2019 21:04

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2019ء) جامعہ سندھ کے ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول حیدرآباد میں کھیلوں کا ہفتہ شروع ہو گیا ہے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے فٹ بال کو کک مار کر کھیلوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت، ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ڈاکٹر ولی اللہ دل، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر صالحہ پروین، اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر فریدہ شیخ نے ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول کے بانی دیوان پربھداس شیوکرام ایڈوانی کی سمادھی پر پھولوں کی چادر چڑھاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر منعقد کی گئی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر برفت نے کہا کہ کھیل جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،کھیلوں کے ذریعے جسم تندرست و توانا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کی جانب سے طلباء کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے بھی بھرپور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیںجس میں کھیل بھی شامل ہیں۔

جامعہ سندھ کے پی سی بی گرائونڈ اور حیدر بخش جتوئی پویلین میں پورا سال کھیلوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ وہاں قومی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں اور انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ جامعہ سندھ کے طلباء تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی کافی آگے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے خود کو منوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر این اے بلوچ ماڈل اسکول کے بچوں کی پرفارمنس دیکھ کر وہ بیحد خوشی محسوس کر رہے ہیں، ان بچوں میں کافی صلاحیتیں ہیں، جنہیں صرف مواقع دینے کی ضرورت ہے ۔

وائس چانسلر نے اسکول کے پرنسپل اور تمام اساتذہ کی کاوشوں و محنتوں کو بھی سراہا۔ قبل ازیں اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر فریدہ شیخ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کھیلوں کے ہفتے کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے وائس چانسلر کے تعاون، رہنمائی و ہمت افزائی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر کے تعاون و رہنمائی کے ذریعے گزشتہ ایک برس کے دوران اسکول کے تعلیمی ماحول اور ترقیاتی کاموں میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ 20 دسمبر تک جاری رہنے والے کھیلوں کے ہفتے کے دوران کرکٹ، والی بال، باسکٹ بال، کبڈی، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس و دیگر کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔