Live Updates

”پرویز مشرف کو غدار نہیں سمجھتا، وہ محب وطن ہیں“

ذوالفقار علی بھٹو سے نواز شریف تک تمام سیاست دان مارشل لاء کی پیداوار ہیں: شیخ رشید احمد

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 دسمبر 2019 13:10

”پرویز مشرف کو غدار نہیں سمجھتا، وہ محب وطن ہیں“
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ وہ پرویز مشرف کو غدار نہیں سمجھتے، بلکہ وہ محب وطن ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے تمام سیاستدان جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 سے نکلے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو سے نواز شریف تک تمام سیاستدان مارشل لا کی پیداوار ہیں۔ تاریخ پڑھی جائے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو بھٹو کس نے بنایا، ان کی اہلیہ نصرت بھٹو نے کیا کچھ کیا۔

عمران خان کے آنے تک پاک فوج کافی بدل گئی ہے کیونکہ اب گیٹ نمبر 4 نہیں رہا۔وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ میں پرویز مشرف کو غدار نہیں سمجھتا وہ محب وطن ہیں، سنگین غداری کیس کے تفصیلی فیصلے کا پیرا 66 غیر آئینی،غیر سنجیدہ اور غیر قانونی فیصلہ ہے، یہ مارشل لاء کے مترادف ہے، عدلیہ پاکستان اور فوج کا اہم ستون ہے یہ نہیں ٹکرائیں گے، نئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی آمد سے ملک آگے بڑھے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہبازشریف وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والے کھلاڑی ہیں، شہباز شریف پرویز مشرف کے خلاف نہیں بولے اور وہ ہی نواز شریف کو لندن لے کر گئے، شہبازشریف کی اچھی خبر آنے والی ہے وہ انجوائے کررہے ہیں، شریف برادران لندن میں نئے سال کا آغاز کریں گے، شہباز شریف نیا ہیٹ اور کورٹ پہنیں گے، عمران خان کو دکھ ہے اور رہے گا کہ نوازشریف باہر چلے گئے۔

شیخ رشید نے کہاکہ کرپشن غداری کے مترادف ہے، بدقسمتی سے اس ملک میں جو آیا اس نے مال بنایا، خورشید شاہ کے126 اکاوَنٹس نکلے اور انہیں ضمانت مل گئی، پیپلزپارٹی سارے کیسز سندھ منتقل کرانا چاہتی ہے، آصف زرداری کی کرپشن میں بلاول بھی شامل ہیں، ڈیڑھ ارب روپے کی ٹرانزیکشن میں بلاول بھٹو زرداری کے دستخط موجود ہیں بلاول بھٹو زرداری نے پلی بارگینگ نہ کی تو وہ بھی مریم نواز شریف کی طرح ملکی سیاست سے مائنس ہوجائیں گے۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات