مظفرگڑھ، پسماندہ علاقے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، صوبائی مشیر زراعت

ہفتہ 21 دسمبر 2019 16:45

مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2019ء) صوبائی مشیر زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے کہا ہے کہ بزدار حکومت میں جنوبی پنجاب کی عوام بالخصوص پسماندہ علاقے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جارہا ہے،صحت و صفائی، رابطہ سڑکوں اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلع میں جاری ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں کے ایک جائزہ اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کہی، ممبران صوبائی اسمبلی عون حمید ڈوگر، نیاز احمد گشکوری، اشرف خان رند،علمدار قریشی اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

مشیر زراعت نے کہا کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے کام کی راہ میں حائل مسائل کو فوری حل کیا جائے کسی بھی منصوبے پر کام نہیں رکنا چاہیے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جون تک نہ صرف جاری منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا بلکہ نئے شروع ہونے والے پروجیکٹس کو بھی جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب ترین نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ممبران اسمبلی کی120ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس پر ایک ارب خرچ ہونگے، اب تک 48کروڑ 19لاکھ سے زائد کی رقم خرچ کی جاچکی ہے، نیا پاکستان کے تحت سڑکوں کی تعمیر کی 10سکیموں میں سے 6مکمل ہوچکی ہے اور 4پر کام جاری ہے جن پر 62کروڑ روپے خرچ ہونگے، ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں تعلیم، صحت، سپورٹس، سوشل ویلفیئر، جیل اور پولیس کے منصوبوں سمیت101منصوبے جاری ہیں جن پر 15ارب60کروڑ 70لاکھ روپے خرچ ہونگے۔