Live Updates

ریاست میں آئین و قانون کے تحت سب برابر ہیں، کابینہ مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی مخالفت کرے گی، اگر عدالت نے انہیں ریلیف دیا تو حکومت اس حوالے سے اپنا موقف دے گی،وزیر اعظم عمران خان ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کا پرویز مشرف کے خلاف کیس بدنیتی پر مبنی ہے

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے خصوصی بات چیت

اتوار 22 دسمبر 2019 22:25

ریاست میں آئین و قانون کے تحت سب برابر ہیں، کابینہ مریم نواز کے بیرون ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف بیمار ہیں، کسی بھی بیٹی کا اپنے والد سے گہرا تعلق ہوتا ہے اسلئے ہماری ہمدردیاں مریم نواز کے ساتھ ہیں، ریاست میں آئین و قانون کے تحت سب برابر ہیں، کابینہ مریم نواز کے بیرون ملک جانے کی مخالفت کرے گی، اگر عدالت نے انہیں ریلیف دیا تو اس کے بعد حکومت اپنا موقف دے گی۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدالت سے اجازت لیکر علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہیں، انہیں ضمانت میں مزید توسیع کیلئے عدالت سے رجوع کرنا چاہیے، اگر عدالت انہیں توسیع نہیں دیتی تو انہیں واپس آ کر پاکستان میں اپنے مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی عدلیہ بحالی کیلئے جدوجہد ہے، تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستان میں عدالتوں کیلئے اول سے آخر تک کھڑی رہی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام شہریوں کیلئے قانون برابر ہے، وزیر اعظم عمران خان ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں طاقتور اور کمزور کیلئے الگ الگ قانون ہے تاہم حکومت عام لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرے گی۔ علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف کیس بدنیتی پر مبنی ہے، ن لیگ نے مشرف کے ساتھیوں کو اپنی حکومت کا حصہ بنایا، کیس میں آئینی اور قانونی تقاضے ہیں جنہیں پورا ہونا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات