بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے،

اقوام متحدہ کا کردار صرف مذمت تک محدود ہے،مہذب معاشروں میں ایک خاتون کا ریپ ہو تو اس پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے مگر مقبوضہ وادی میں بھارتی درندوں کے ہاتھوں 10ہزار سے زائد خواتین کا ریپ ہونے پر بھی عالمی برادری کی خاموشی حیران کن ہے ، صدر ریاست آزاد جموں کشمیر سردار مسعود احمد خان

پیر 23 دسمبر 2019 15:11

بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2019ء) صدر ریاست آزاد جموں کشمیر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے،اقوام متحدہ کا کردار صرف مزمت تک محدود ہے،بین الاقوامی برادری بھارت کے ساتھ کاروباری مراسم ہونے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر خاموش ہے۔

کشمیری 72سال سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں انکو کوئی بھی طاقت زبردستی اس حق سے محروم نہیں کر سکتی،بھارت نے تمام حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھا ہوا ہے تا کہ وہ کشمیریوں کی آواز کو دبا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں بین الاقوامی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بین الاقوامی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہئے یہ ایک حساس معاملہ ہے بھارت آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر تے ہوئے آزاد جموں کشمیر کے مختلف علاقوں میں گولہ باری کر رہا ہے جس سے سویلن آبادی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو ایٹمی جنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے جس سے پورا خطہ متاثر ہو گا اور اس کی ذمہ دار بین الاقوامی برادری ہوگی یہی وجہ ہے کہ پاکستان شروع سے اس معاملے پر مزاکرات کے زریعے سیاسی حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہذب معاشروں میں ایک خاتون کا ریپ ہو تو اس پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے مگر مقبوضہ وادی میں بھارتی درندوں کے ہاتھوں 10ہزار سے زائد خواتین کا ریپ ہونے پر بھی عالمی برادری کی خاموشی حیران کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مظلوم کشمیریوں کی آواز کا جواب دینا ہو گا نہیں تو اس عالمی ادارے کی کاردگی پو سوال اٹھیں گے کیونکہ کشمیری سمجھتے ہیں کہ انکا بہتر اور محفوظ مستقبل پاکستان کے ساتھ الحاق ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق،شبیر شاہ،یاسین ملک،آسیہ اندرابی سمیت دیگر تمام کشمیری رہنماوں پر فخر ہے جنہوں نے جدو جہد آزادی کے لئے اپنی عمریں وقف کر دیں تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے ہم ان تمام کشمیری لیڈروں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم دنیا بھر میں پوری قوت کے ساتھ بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کررہی ہے جو ہمارے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے تقریب میں موجود تمام طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کا اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔تقریب کے دوران نمل یو نیورسٹی کے ریکٹر (ر) میجر جنرل محمد جعفر نے صدر ریاست آزاد جموں کشمیر سردار مسعود احمد خان کو شیلڈ بھی پیش کی۔