Live Updates

فیصل آباد میں کلین اینڈ گرین انڈکس مہم میں چیمپین بننے کیلئے رجسٹریشن کا آغاز، مہم میں پوزیشن حاصل کرنے والے اضلاع کو پر کشش انعامات سے نوازا جائے گا

پیر 23 دسمبر 2019 15:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2019ء) فیصل آباد میں کلین اینڈ گرین انڈکس مہم میں چیمپین بننے کے لئے پیر کے روز سے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا جبکہ فیصل آباد سمیت 12اضلاع میں شروع ہونے والی مذکورہ مہم میں پوزیشن حاصل کرنے والے اضلاع کو پر کشش انعامات سے نوازا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیراہتمام ایک تقریب آرٹس کونسل فیصل آباد کے نصرت فتح علی آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد علی جبکہ مہمان اعزاز چیئر مین پی ایچ اے و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذرتھے ۔

اس موقع پر ایم پی اے فردوس رائے ، سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان ،ڈی جی پی ایچ اے آصف چوہدری ،چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،ڈائر یکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار،ثمینہ نیازی اور دیگر مہمانان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چیئر مین پی ایچ اے لطیف نذر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے کلین اینڈ گرین مہم کو قومی ایشو کے طور پر اٹھایا ہے جس کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب اسلام میں صفائی کو نصف ایمان کا درجہ دیا گیا ہے جبکہ زندگی کے ہر شعبہ میں اسلام ہی ہماری راہنمائی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین انڈکس مہم میں چیمپین بننے کے لئے ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ جمعہ کے خطبات میں علمائے کرام کو کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے موضوع پر بھی بات کرنی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں اس کا شعور اجاگر ہو سکے۔

انہوںنے کہاکہ جب تک کسی بھی چیز کا احسا س ملکیت نہیں ہو گا ہم کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی خاص نعمتوں کا ایک تحفہ ہے جس کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کا فرض ہے لہٰذا ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا ہو گا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جن لوگوں نے اس مہم میں حصہ لیا ہے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوںنے کہا کہ شہر فیصل آباد کی آبادی 76لاکھ سے زائد ہے جس کے لئے 15سے 20ہزار اہلکاروں پر مشتمل عملہ صفائی موجود ہے جو اتنے بڑے شہر کے لئے ناکافی ہے لہٰذا شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں ہمیں بھی نہ صرف اپنا بھر پور کردار ادا کرنا بلکہ عملہ صفائی سے مناسب تعاون اور گندگی کو پھیلنے سے بچانا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے قومی ترانہ میں بھی صفائی کا ذکر کیا گیا ہے اسلئے ہمیںمل جل کر اپنے گھر ،گلی ،محلے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں متعلقہ اداروں کی معاونت یقینی بنانا ہو گی۔

انہوںنے کہاکہ اگر ہر شہری کم از کم 100افراد تک حکومت کا کلین اینڈ گرین مہم کا پیغام پہنچائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اپنے علاقہ کو ہر قسم کی گندگی و آلودگی سے پاک کر کے سر سبز و شاداب اور دلکش و دلفریب بنانے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس موقع پر تمام شرکائے مجلس نے اپنی کلین اینڈ گرین انڈکس مہم میں نہ صرف رجسٹریشن کروائی بلکہ بڑی تعداد میں اپنے اہلخانہ ، عزیز و اقارب ، دوست احباب اور علاقہ کے دیگر ساتھیوں کو بھی فوری رجسٹرڈ کروانے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب میں سکولز و کالجز کے اساتذہ ، پی ایچ اے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور بعض دیگر اداروں کے اہلکار ، صحافی، وکلاء، علماء، دانشور اور مختلف مکاتب فکر کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات