Live Updates

بچوں کو صحت مند بنا کر روشن مستقبل کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں پیٹ کے کیڑوں سے نجات کی مہم کوکامیاب بنایا جائے، خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا تقریب سے خطاب

پیر 23 دسمبر 2019 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2019ء) خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ ہمارے بچے نئے پاکستان کی بنیاد ہیں، انہیں صحت مند بنا کر روشن مستقبل کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں پیٹ کے کیڑوں سے نجات کے لئے ڈی ورمنگ مہم میں بھرپور شرکت کر کے اسے کامیاب بنایا جائے۔ وہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوسری سالانہ پیٹ کے کیڑوں کے خاتمہ کی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، پارلیمانی سیکریٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی کنول شوذب اور پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین نے بھی خطاب کیا۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ وسیع پیمانے پر بچوں میں پیٹ کے کیڑوں کا علاج ایک اہم قدم ہے جس سے ہمارے بچوں کی جسمانی و ذہنی افزائش بہتر ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سے دیگر امراض سے بچائو کے ساتھ ساتھ بچوں کی تعلیمی اور جسمانی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے پائیدار مثبت ترقیاتی مقاصد کے حصول میں معاون اور مددگار ثابت ہوگا جن میں سرفہرست صحت ہے، مختلف امراض سے بچائو کے لئے ڈی ورمنگ ایک جلد، آسان اور محفوظ راستہ ہے، اس سے غذائی قلت اور خون میں کمی کے مسائل دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنتوں میں کیڑوں کے موجودہ خطرات کو جانتے ہوئے آغاز اسلام آباد ڈی ورمنگ پروگرام کے تحت جنوری 2019ء میں 2 لاکھ 320 بچوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں جبکہ پروگرام کے دوسرے مرحلہ میں 5 لاکھ 74 ہزار بچوں کو ادویات فراہم کی جائیں گی۔

اس مہم کا دائرہ پورے ملک تک بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے بچوں کو صحت مند بنا کر نئے اور روشن پاکستان کا خواب پورا کر سکیں۔ اس سلسلے میں میڈیا کے ذریعے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہر بچے کو مفت ادویات تک رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے ساتھ ساتھ ہمیں بچوں کی صحت کے لئے صفائی پر بھی بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ خاتون اول نے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کے باہمی تعاون سے بچوں میں پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کی مہم کامیاب ہوگی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر شفقت محمود نے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے یہ پروگرام تیزی سے آگے بڑھے گا، یہ ایک مشترکہ پروگرام ہے جس میں مختلف اداروں اور شراکت داروں کا تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی صحت کا بھی خیال رکھنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق جسمانی و ذہنی نشوونما کے لئے ڈی ورمنگ مہم کارآمد ثابت ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے اسکولوں میں بچوں کی صحت جانچنے اور اس کے علاج کا پروگرام متعارف کرایا ہے، اس سلسلے میں پہلے قدم کے طور پر بچوں کی نظر ٹیسٹ کرنے اور انہیں مفت عینکیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس مقصد کے لئے اساتذہ سے رہنمائی لی جا رہی ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ پیٹ کے کیڑوں کے انسداد کے پروگرامز سے سکولوں میں حاضری بہتر ہو سکے گی اور بچے تعلیمی اور جسمانی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں دیگر اہداف کے ساتھ ساتھ ڈی ورمنگ کے پروگرام کو بھی ترجیحی طور پر آگے بڑھائیں گے۔ قبل ازیں پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی کنول شوذب اور پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی صحت ڈاکٹر نوشین نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ سال اسلام آباد میں دو لاکھ بچوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا جو کامیابی سے حاصل کیا گیا۔

اب دوسرے مرحلے میں پانچ لاکھ سے زائد کا ہدف رکھا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ ہدف بھی باآسانی عبور کرلیا جائے گا۔ اس پروگرام کا براہ راست تعلق بچوں کی صحت سے ہے کیونکہ پیٹ کے کیڑوں کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچوں کی نشوونما، صلاحیتیں اور کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔ نتیجتاً پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صحت مند زندگی کو فروغ دینے کے لئے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

اس موقع پر مقررین نے ڈی ورمنگ پروگرام کو ملک گیر سطح پر چلانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ 23 جنوری کو پیٹ کے کیڑوں سے بچائو کے دن کے موقع پر نزدیکی نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں پیٹ کے کیڑوں سے بچائو کے لئے مفت اور آسان معالجے کے لئے بچوں کے ہمراہ تشریف لائیں۔ تقریب میں خاتون اول نے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کے نمائندوں میں سرٹیفیکیٹس بھی تقسیم کئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات