Live Updates

پاکستان میں کھیل اور سیاحت کا فروغ چاہتاہوں، ترنجیت سنگھ

پیر 23 دسمبر 2019 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2019ء) سیاحت اور کھیلوں کے پروموٹرز ترنجیت سنگھ نے کہاہے کہ کراچی میں قائم اصغر علی شاہ اسٹیڈیم دیکھ کر بیحد خوشی ہوئی ہے جو بلاشبہ ڈاکٹر محمد علی شاہ کا بڑا کارنامہ ہے،ڈاکٹر شاہ کے کارنامے سنا کرتا تھاجنھوں نے اسپورٹس اور آرتھوپیڈک سرجری میں دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کیا اور آج ان کے صاحبزادے سے ملکر بہت فخر محسوس کررہا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈاکٹرمحمدعلی شاہ کے صاحبزادے اور رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سید عمران علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جن کی خصوصی دعوت پر انھوں نے اصغر علی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم اور اے او کلینک دورہ کیا۔ ترنجیت سنگھ نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ پاکستان میں اسپورٹس اور سیاحت کا کلچر پروان چڑھے۔

(جاری ہے)

سیاحت کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ پاکستان کے بے شمار مقامات ایسے ہیں جہاں کی خوبصورتی دنیا کے ممالک سے بھی ذیادہ حسین ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر سید عمران علی شاہ نے کہا کہ مجھے آج آپکی میزبانی کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے ، آپ نے کرتار پور راہداری کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا تھا جس پر میں آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ویژن ملک میں سیاحت کا فروغ ہے جس کے لیے انھوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دی ہیں وہ پاکستان کو سر سبز شاداب دیکھنا چاہتے ہیں۔ اصغرعلی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ اس خوبصورت گرائونڈ کو میرے والد نے ذاتی طور پر بنایا ہے اور اب میں اورمیرے بھائی ڈاکٹر سید جنیدعلی شاہ اس اسٹیڈیم کی خوبصورتی بحال رکھنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انھوں نے اپنے اسپتال اے او کلینک کے بارے میں بھی ان کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات