سابق گورنرسندھ کی نئی پارٹی بنانے کی خبروں پر وضاحت، فی الحال کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں بنارہا،ڈاکٹرعشرت العبادخان

منگل 31 دسمبر 2019 17:57

سابق گورنرسندھ کی نئی پارٹی بنانے کی خبروں پر وضاحت، فی الحال کوئی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2019ء) سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نئی سیاسی جماعت بنانے سے متعلق میڈیا کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں بنارہا۔گزشتہ ہفتے ٹی وی چینلز کی جانب سے یہ خبر نشر کی گئی تھی کہ ڈاکٹر عشرت العباد نئی سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور وہ اس کا اعلان جلد کریں گے۔

چینلز پر نشر ہونیوالی خبروں کے مطابق سابق گورنر سندھ نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی میں موجود اپنے پرانے ساتھیوں سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا ہے۔تاہم رابطہ کرنے پر سابق گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ٹی وی چینلز پر چلنے والی ان خبروں کی تردید کردی اورکہا کہ وہ ان تمام خبروں کی دو ٹوک انداز میں تردید کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی میں سیاست کے حوالے سے یہ اہم خبر اس لئے بھی سمجھی جارہی ہے کیونکہ کچھ دن پہلے ناراض ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ شہری سندھ میں ایک نئی جماعت بنانے کی کوشش کافی عرصے سے کی جارہی تھی۔ڈاکٹر فاروق ستارنے بتایاکہ الطاف حسین کی 22 اگست کی تقریر کے کچھ دنوں بعد ان کو سابق صدر پرویز مشرف کا فون آیا تھا اور وہ چاہتے تھے کہ ان کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ، ایم کیو ایم اور مصطفی کمال کی پی ایس پی اکھٹی ہوکر ایک نئی جماعت بنالیں۔

ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاکہ انہوں نے ایک نئی جماعت بنانے کے حوالے سے پرویز مشرف کی بات کو نظر انداز اس لئے کردیا کیونکہ ایم کیو ایم اپنا ایک الگ مقام اور ووٹ بینک رکھتی ہے۔ ناراض ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پرویز مشرف نے ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرنے سے اس لئے انکار کیا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے ان کی قومی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔