Live Updates

اگلے سال ایک اور منی بجٹ آنے والا ہے، عارف نظامی

منی بجٹ جون سے قبل لایا جائے گا، حکومت نےآئی ایم ایف پروگرام پرعملدرآمد کیا لیکن آئی ایم ایف پھر بھی خوش نہیں ہے۔ سینئر تجزیہ کارعارف نظامی کا تبصرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 31 دسمبر 2019 20:51

اگلے سال ایک اور منی بجٹ آنے والا ہے، عارف نظامی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 دسمبر 2019ء) سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ اگلے سال ایک اورمنی بجٹ آنے والا ہے، منی بجٹ جون سے قبل لایا جائے گا، حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام پرعملدرآمد کیا لیکن آئی ایم ایف پھر بھی خوش نہیں ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2019ء میں محاذ آرائی کا ماحول رہا، اس کوحکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی کا سال تھا،اس سال میں اپوزیشن رہنماؤں کی دھڑادھڑگرفتاریاں کی گئیں۔

نوازشریف، آصف زرداری، مریم نواز، شہبازشریف اورخورشید شاہ سے لے کرگرفتاریوں کی ایک لمبی فہرست ہے۔حکومتی لوگ آٹے میں نمک کے برابر تھے۔علیم خان اور سبطین خان جیل میں گئے لیکن باہر آگئے۔ جبکہ اپوزیشن کے لوگوں کو کال کوٹھریوں میں رکھا گیا۔

(جاری ہے)

راناثناء اللہ کو کھلم کھلا انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا گیا۔ اپوزیشن کے لیے سیاسی انتقام اور حکومت کے نزدیک احتساب کا سال تھا، حکومت کیلئے ناکامی کا سال اس لیے کہ کرپشن کی ایک پائی بھی وصول نہیں کرپائی۔

عارف نظامی نے کہا کہ گورننس بھی بڑی نااہلی ناکامی ہے، اس طرح آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ ہوا ، نالائقوں کا ٹولہ ہے، لیگل ٹیم کو فارغ کردینا چاہیے تھا۔اس سال کی ایک سیاسی معاملہ عدلیہ کی آزادی کی دوبارہ جہت ہے،آصف سعید کھوسہ نے جاتے جاتے دو ٹھڈے مار دیے، ایک ٹھڈا حکومت نے خود مارا ہے، مشرف کے معاملے پر اتنی زیادہ گھبراہٹ اور ناراضگی کا اظہار کیوں کیا گیا؟ کیونکہ ابھی مشرف باہر ہیں، اپیل بھی کی جائے گی،پھر اس قدر گھبراہٹ نہیں ہونی چاہیے، اسی طرح آرمی چیف کی توسیع والا فیصلہ آیا ہے۔

آرمی چیف کا معاملہ پارلیمنٹ میں جائے گا۔ عارف نظامی نے کہا کہ اقتصادی صورتحال یہ ہے جب یہ حکومت میں آئے تو انہوں نے کہا کہ پکڑدھکڑ کرو، جس سے معیشت ٹھس ہوگئی۔ اس کے بعد یہ آئی ایم ایف کے پاس گئے، آئی ایم ایف پروگرام پر پورا اترنے کیلئے کسر عوام سے نکالی گئی، حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام پرعملدرآمد کیا لیکن آئی ایم ایف پھر بھی خوش نہیں ہے۔امپورٹ کم ہونے کی وجہ مینوفیکچرنگ سیکٹر بالکل بیٹھ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاف کیجئے گا ، یہ معیشت آئی ایم ایف کو توبہت اچھی لگ رہی ہوگی۔ ایک منی بجٹ اور آنے والا ہے، اگلے سال جون سے قبل منی بجٹ لایا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات