عوام کو فوری انصاف، مسائل پر داد رسی کیلئے کھلی کچہریا ں لگائی جارہی ہیں،ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین

جمعہ 3 جنوری 2020 21:09

مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، عوام کو فوری انصاف اوران کے مسائل پر داد رسی کیلئے کھلی کچہریا ں لگائی جارہی ہیں، اس کے علاوہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفاتر میں 2گھنٹے عوام کے مسائل سنے جاتے ہیں اور ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں، یہ بات انہوں نے ڈی پی او سید ندیم عباس کے ہمراہ ڈی سی آفس میں کھلی کچہری میں عوام مسائل سنتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں پیش کردہ مسائل پر فوری کاروائی کی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ مال سے متعلق درخواستوں میں کی گئی رپورٹ کی میں خود پڑتال کروں گا، غلط رپورٹ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری کار وائی کی جائے گی، شہر میں صفائی او ر سیوریج سے متعلق مسائل کے حل کیلئے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کردی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ شہر اور گرد نواح کے علاقوں کا سروے کیا جائے جہاں کہیں ضروری ہے وہاں فوری طور پر سٹریٹس لائٹس لگائی جائیں، اس موقع پر ڈی پی او سید ندیم عباس نے کہا کہ کھلی کچہری میں دی گئی درخواستوں پر فوری کاروائی کی جائے گی جن درخواستوں پر ایف آئی آر درج کرانا مقصود ہوگی ایف آئی آر درج کرائیں گے جن پر گرفتاری درکار ہوگی گرفتاری کرائیں گے اورجھوٹی درخواستوں کا خارج کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل تھانہ سطح پر نہیں بلکہ ایک ذمہ دار افسر فیصلہ کرے گا، کھلی کچہری میں محکمہ پولیس، محکمہ ریونیو،واپڈا، محکمہ تعلیم اور میونسپل کار پوریشن سے متعلق تھیں جن کے فوری حل کیلئے ڈپٹی کمشنر نے احکامات جاری کئے، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عطائ الحق، اسسٹنٹ کمشنر رانا محمد شعیب اور ڈی ایس پی سٹی عظمت اللہ نیازی سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔