Live Updates

ھ* پی ٹی آئی کے پاس ایسے افراد کی ٹیم نہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکے ،لیاقت بلوچ

ّیہ جب تک حکومت میں رہیں گے ، ملک بحرانوں سے دوچار رہے گا ،حکومت ڈلیور نہیں کر پا رہی ،

اتوار 5 جنوری 2020 22:15

ھ* پی ٹی آئی کے پاس ایسے افراد کی ٹیم نہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکے ..
[ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے پاس ایسے افراد کی ٹیم نہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکے ۔ یہ جب تک حکومت میں رہیں گے ، ملک بحرانوں سے دوچار رہے گا ۔ حکومت ڈلیور نہیں کر پا رہی ۔ سیاست میں بد زبانی اور بد کلامی سے دوسروں کی پگڑی اچھال کر جمہوریت مستحکم نہیں ہوسکتی ۔

حکومت نے جو رویہ اختیار کر رکھاہے اس سے کبھی بھی جمہویت پھل پھول نہیں سکتی ۔ ذاتی مفادات کے اسیروں کو ایک پارٹی میں جمع کر نے والوں پر بھی یہ واضح ہوگیاہے کہ یہ بھان متی کا کنبہ ملک کی کوئی خدمت نہیں کر سکتا ۔ملک و قوم کے مسائل کا حل صرف اسلامی انقلاب میں ہے ۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والے عوام جماعت اسلامی کی اس جدوجہد کا حصہ بنیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ۔ اس موقع پر سید لطیف الرحمن شاہ بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پارلیمنٹ مفلوج ہے ۔ اسمبلیاں کا م نہیں کر رہیں ۔ حکومت نے ہر پریشانی اور مسئلے کا حل آرڈی نینس کو سمجھ لیاہے ۔ ملک ہر روز نئے نئے بحرانوں کا شکار ہورہاہے اور یہ بحران خود حکمرانوں کے پیدا کردہ ہیں ۔

مہنگائی اور بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ موجودہ دور حکومت میں 70 لاکھ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں اور دس لاکھ سے زیادہ بے روزگار ہوئے ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ اب تاجر برادری کو بھی یقین دلادیا گیاہے کہ وہ کچھ بھی کریں ، اس کا احتساب نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ اگر احتساب صرف سیاستدانوں اور اپوزیشن کا ہوناہے تو پھر اسے احتساب نہیں ، انتقام ہی کہا جاسکتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ احتساب سے کوئی بھی بالاتر نہیں ۔ بلاتفریق سب کا احتساب ہونا چاہیے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاقی حکومت کا کوئی وژن نہیں اور پنجاب حکومت کی نااہلی زبان زد عام ہے جبکہ کے پی کے میں ایک میٹرک پاس کو وزیر تعلیم بنا دیا گیاہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت عالمی اسٹیبلشمنٹ کے سامنے سرنگوں ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا جارہا ۔ ہندوستان ہر روز جنگ کی دھمکیاں دے رہاہے اور ہمارے حکمران منہ میں گھنگنیاں ڈالے بیٹھے ہیں ۔ انہوںنے حکمرانوں کو متنبہ کیا کہ ان کا یہ رویہ تباہی اور بربادی کو دعوت دینے کے مترادف ہے
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات