قاضی حسین احمد اتحاد عالم اسلامی کے سب سے بڑے داعی تھے،

انہوں نے ہمیشہ پسے ہوئے مظلوم طبقہ کیلئے آواز اٹھائی، کشمیر کی آزادی کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،سینیٹرسراج الحق

پیر 6 جنوری 2020 18:42

قاضی حسین احمد اتحاد عالم اسلامی کے سب سے بڑے داعی تھے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2020ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد اتحاد عالم اسلامی کے سب سے بڑے داعی تھے، انہوں نے ہمیشہ پسے ہوئے مظلوم طبقہ کیلئے آواز اٹھائی، کشمیر کی آزادی کیلئے قاضی حسین احمدکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان خیالات اظہار انہوں نے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی ساتویں برسی کے موقع پر جاری بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج قاضی حسین احمد کی شدت سے کمی محسوس ہو رہی ہے، وہ ایک وژنری لیڈر ہونے کے ساتھ اتحاد عالم اسلامی کے سب سے بڑے داعی تھے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین پاکستان کی محترم اور معتبر شخصیت تھے، ان کی ملک و قوم اور امت مسلمہ کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہمیشہ پسے ہوئے مظلوم طبقہ کیلئے آواز اٹھائی، جماعت اسلامی کے کارکنان قاضی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ قومی و عالمی تاریخ میں قاضی حسین احمد ہمیشہ زندہ رہیں گے، کشمیر کی آزادی کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ قاضی حسین احمد خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں 1938ء میں پیدا ہوئے، وہ ایک نامور سیاستدان، ممتاز مذہبی سکالر اور اسلامی جمہوریت کیلئے ایک سرگرم وکیل، وہ 1987ء میں پہلی بار امیر جماعت اسلامی پاکستان کے امیر منتخب ہوئے اور مسلسل پانچ بار اس منصب پر فائز رہے۔ وہ دو بار سینیٹر کے طور پر بھی منتخب ہوئے، قاضی حسین احمد طویل بیماری کے باعث 6 جنوری 2013ء کو اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔