Live Updates

مسجد الحرام میں لاکھوں زائرین کے لیے مزید نئی سہولیات فراہم کر دی گئیں

حرم شریف کے صحنوں، دالانوں اور راہداریوں میں آبِ زمزم کے کولرز کی تعداد بڑھا کر 15 ہزار کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 جنوری 2020 12:02

مسجد الحرام میں لاکھوں زائرین کے لیے مزید نئی سہولیات فراہم کر دی گئیں
مکّہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10جنوری 2020ء) مسجد الحرام میں لاکھوں زائرین کے لیے مزید نئی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق حرم شریف میں آب زم زم کے کولرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابق حرم شریف کے صحنوں، دالانوں اور راہداریوں میں آبِ زمزم کے کولرز کی تعداد بڑھا کر 15 ہزار کر دی گئی۔

جن میں سادہ زمزم اور ٹھنڈے آبِ زمزم دونوں کی سہولت موجود ہے۔ یہ فیصلہ اس بار عمرہ زائرین کی معمول سے زیادہ تعداد کی آمد کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ کیونکہ اس وقت بھی لاکھوں افراد سرمائی تعطیلات کے باعث سعودی عرب میں عمرہ ادا کرنے کی غرض سے پہنچے ہوئے ہیں۔ جبکہ حرم شریف کے صحنوں اور برآمدوں میں بچھائے گئے پُرانے قالین ہٹا کر ان کی جگہ 12500 نئے قالین بچھا دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قالینوں کی یہ تبدیلی ہر سال کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ مسجد الحرام میں توسیعی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ مکّہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز نے منصوبے پر کام کی رفتار اور درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ حرم مکی کی انتظامیہ نے شہزادہ بدر کو بتایا کہ باب اسماعیل اگلے حج سیزن سے قبل مکمل ہو جائے گا۔ جبکہ قدیم دالان اور تکبیر و اذان کے نئے کمرے کی تعمیر اور مطاف کی محرابیں بھی آئندہ رمضان المبارک سے قبل پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔

اب تک 38 میں سے 14 محرابیں تیار کی جا چکی ہیں۔ جبکہ باب عمرہ سے متعلق تعمیرات بھی جاری ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 18 لاکھ سے زائد افراد نماز ادا کر سکیں گے۔ نئے توسیعی منصوبے کے تحت مسجد الحرام کے دروازوں کی گنتی 168 تک چلی جائے گی۔ 680 برقی زینے تیار ہوں گے جن سے بوڑھے، بیمار اور مفلوج افراد کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔ بجلی کی سپلائی کا نظام زیادہ موثر بنانے کے لیے 7 بجلی اسٹیشنز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں ۔ جبکہ تین ٹرانسپورٹ اسٹیشنز پر بھی کام جاری ہیں جن کے باعث تین لاکھ افراد فی گھنٹہ ٹرانسپورٹ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات