جنرل سلیمانی نے برطانیہ سمیت یورپ کو داعش سے محفوظ بنایا، حسن روحانی

نیوکلیئر ڈیل مضبوط بنانے کے لیے یورپ، چین اور روس کو مل کر اقدامات کرنے چاہئیں،ایرانی صدر

جمعہ 10 جنوری 2020 15:07

جنرل سلیمانی نے برطانیہ سمیت یورپ کو داعش سے محفوظ بنایا، حسن روحانی
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2020ء) ایران کے صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ امریکی حملے میں جاں بحق ہونے والے جنرل سلیمانی نے برطانیہ سمیت یورپ کو داعش سے محفوظ بنایا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا ایران نیوکلیئر ڈیل پر انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای ای) کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا تاہم نیوکلیئر ڈیل مضبوط بنانے کے لیے یورپ، چین اور روس کو مل کر اقدامات کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیا کے مطابق بورس جانسن نے حسن روحانی پر زور دیا کہ فوری طور پر لڑائی ختم ہونی چاہیے کیونکہ یہ کسی کے بھی فائدے میں نہیں ہے۔بورس جانسن نے حسن روحانی سے کہا کہ ایران کی جوابی کارروائی کے بعد امریکا کی جانب سے نیوکلیئر ڈیل سے علیحدہ ہونے کے دباؤ کے باوجود ہم ایران کے ساتھ جوہری ڈیل پر کاربند ہیں۔ایران کے صدر نے یورپی کونسل کے سربراہ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ امریکا کی جانب سے دواؤں اور غذائی اجناس پر پابندیاں لگانا معاشی دہشتگردی ہے، اقتصادی پابندیوں کے معاملے پر یورپ امریکا سے آزاد پالیسی اپنائے۔