رانا ثناء اللہ نے قومی اسمبلی میں تصویر کا صرف ایک رخ دکھایا ہے،

اے این ایف کا موقف وزیر انسداد منشیات ایوان میں پیش کریں گے، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا قومی اسمبلی میں رانا ثناء اللہ کے نکتہ اعتراض کا جواب

جمعہ 10 جنوری 2020 16:39

رانا ثناء اللہ نے قومی اسمبلی میں تصویر کا صرف ایک رخ دکھایا ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2020ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف سب سے پہلا مقدمہ شریف خاندان نے قائم کیا‘ ان پر کالعدم تنظیموں سے مبینہ تعلق کے الزامات اور ماڈل ٹائون واقعہ میں معصوم لوگوں کے قتل کا بھی الزام ہے‘ انہوں نے اس ایوان میں تصویر کا صرف ایک رخ دکھایا ہے جبکہ اے این ایف ایک خودمختار ادارہ ہے جس کا موقف وزیر مملکت برائے انسداد منشیات ایوان میں پیش کریں گے۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں رانا ثناء اللہ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ مقدمات عدالتوں میں چلتے ہیں اور تقریریں یہاں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف آزاد اور خودمختار ادارہ ہے اس کا موقف بھی ہم نے سنا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے موقف پر شہریار آفریدی پیر کو وضاحت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ پر سوالات ہم نے نہیں اٹھائے، 1992ء میں ان پر سب سے پہلا مقدمہ شریف خاندان نے قائم کیا تھا۔

قبل ازیں عابد شیر علی کے والد نے بھی ان پر قتل کے الزامات لگائے تھے جبکہ کالعدم تنظیموں سے مبینہ تعلق کے حوالے سے بھی الزامات ہم نے نہیں لگائے۔ ماڈل ٹائون کے واقعہ میں 14 افراد‘ عورتوں اور بچوں کا کیا قصور تھا مراد سعید نے کہا کہ معاشی انصاف سے عدالتی انصاف تک ہر طرح کا انصاف فراہم کریں گے۔ یہ تو اپنی آواز یہاں پہنچا سکتے ہیں مگر مظلوم قوم کے بچوں اور عورتوں کی آواز کون سنے گا۔