صوبائی سیکرٹری انسانی حقوق بدر جمیل پُراسرار طور پر لا پتہ ہو گئے

بدر جمیل پر کروڑوں روپے بدعنوانی کے الزامات بھی ہیں،5 روز قبل مقدمہ درج کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 11 جنوری 2020 13:35

صوبائی سیکرٹری انسانی حقوق  بدر جمیل پُراسرار طور پر لا پتہ ہو گئے
کراچی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 11 جنوری 2020ء) صوبائی سیکرٹری انسانی حقوق بدر جمیل پراسرار طور پر لا پتہ ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری انسانی حقوق سندھ بدر جمیل پراسرار طور لا پتہ ہو گئے ہیں۔ اہل خانہ کا موقف ہے کہ بدر جمیل گذشتہ روز آفس گئے،اس کے بعد واپس نہیں آئے۔بدر جمیل کے ساتھ ساتھ اُن کے ڈرائیور بھی لاپتہ ہیں جب کہ دونوں کے موبائل فون بھی بند جا رہے ہیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیز کا کہنا ہے کہ بدر جمیل اور ان کے ڈرائیور کو تلاش کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بدر جمیل کی رہائش ضلع ساؤتھ میں نہیں۔بدر جمیل کی رہائش ضلع ایسٹ کے پی ای سی ایچ ایس کے علاقے میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدر جمیل کی لوکیشن ڈسٹرکٹ سنٹرل میں آئی۔پولیس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔جب کہ معاون خصوصی برائے انسانی حقوق سندھ کا کہنا ہے کہ میرے محکمے کا سیکرٹری کل سے لاپتہ ہے۔5 روز قبل اینٹی کرپشن نے بدر جمیل کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔بدر جمیل نے ایف آئی آر میں نامزدگی کے پیش نظر ضمانت کروا رکھی تھی۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ بدر جمیل کو محکمے نے گرفتار نہیں کیا۔ذرائع کے مطابق بدر جمیل پر کروڑوں روپے بدعنوانی کے الزامات تھے۔