پہلی محبت میں دھوکہ ملنے پر بہت رویا تھا، ہمایوں سعید

بالی ووڈ سے کبھی بڑے کردار کی آفر نہیں ہوئی، اپنوں کو کھونے سے بہت ڈرتا ہوں،گوریاں نہیں پاکستانی لڑکیاں پسند ہیں، انٹرویو

ہفتہ 11 جنوری 2020 15:04

پہلی محبت میں دھوکہ ملنے پر بہت رویا تھا، ہمایوں سعید
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2020ء) پاکستانی سپر سٹار ہمایوں سعید نے کہاہے کہ مجھے اہلیہ ثمینہ سے شادی سے قبل بھی ایک لڑکی سے محبت ہوئی تھی لیکن اس لڑکی نے انہیں دھوکہ دے دیاتھا۔اداکار ہمایوں سعید ان دنوں ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں ایسے شوہر کا کردار نبھارہے ہیں جس کی بیوی پیسوں کی خاطر اسے دھوکا دیتی ہے اور چھوڑ کر چلی جاتی ہے۔

ڈرامے میں ہمایوں سعید نے بیوی کے ہاتھوں دھوکہ کھا کر ٹوٹے ہوئے شوہر کا کردار اتنی خوبی سے اداکیا ہے کہ لوگ ان کی اداکاری کے گن گانے لگے ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ ثمینہ سے شادی سے قبل انہیں ایک لڑکی سے محبت تھی۔ہمایوں سعید نے بتایا کہ اس لڑکی نے میرے ساتھ اچھا نہیں کیا تھا دھوکہ دیا تھا اور دل ٹوٹنے پر میں بہت رویا تھا۔

(جاری ہے)

ہمایوں سعید نے اس لڑکی کا نام تو نہیں بتایا لیکن یہ بتایا کہ وہ بہت پیاری اور زندگی سے بھرپور لڑکی تھی، ہم اکثر ساحل سمندر پر گھومنے جاتے تھے۔ پہلے میں بہت شرمیلا تھااور وہ لڑکی مجھے میرے خول سے باہر نکالتی تھی اور اسی لئے مجھے وہ بہت پسند تھی۔ہمایوں نے کہا کہ میں اپنوں کو کھونے سے بہت ڈرتا ہوں اور مجھے انگریز لڑکیاں جنہیں عموماً گوریاں بھی کہا جاتا ہے بالکل نہیں پسند، مجھے پاکستانی لڑکیاں پسند ہیں، میری کامیابی کے پیچھے کسی ایک عورت کا نہیں بلکہ بہت ساری خواتین کا ہاتھ ہے۔

کیریئر کی ابتدا میں نادیہ جمیل اور ثانیہ سعید وغیرہ کے ساتھ کام کیا اور میری اداکاری میں جتنی بہتری ہے ان اداکاراؤں اور ڈائریکٹرز کی وجہ سے ہے۔ہمایوں سعید نے بتایا کہ اداکاری سے قبل میں ایک گارمنٹ فیکٹری میں کام کرتا تھا پہلا ڈراما گھر والوں سے چھپ کر کیا تھا کیونکہ میرے گھر والے نہیں چاہتے تھے کہ میں اداکاری کے شعبے میں آؤں اور اب مجھے اس انڈسٹری میں 20 سال کا عرصہ ہوگیا ہے۔

بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے ہمایوں سعید نے کہا کہ انہیں بالی ووڈ سے کبھی بڑے کردار کی پیشکش نہیں ہوئی تاہم اداکار عامر خان نے فلم’گجنی‘ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن جب میں وہاں گیا تو مجھے بولا گیا کہ یہ کردار تمہارے لئے نہیں ہے اور مجھے بھی لگا کہ جس کردار کیلئے مجھے بلایا گیا ہے وہ میرا کیریکٹر نہیں ہے۔