Live Updates

پی ٹی آئی رہنما رائے حسن نواز خان کی چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب سے خصوصی ملاقات ،شہر کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا

ہفتہ 11 جنوری 2020 20:07

چیچہ وطنی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رائے حسن نواز خان نے سرکٹ ہاؤس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں ساہیوال کو در پیش مسائل سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر کمشنر محمد احسن وحید ،آر پی او ہمایوں بشیر تارڑ ،ڈی سی ساہیوال اور ڈی پی او بھی موجود تھے۔ انہو ں نے چیف سیکرٹری کوچاراہم مسائل کی نشاندہی کی اور کہا کہ ان دیرینہ مسائل کے حل سے عوام کو بڑا ریلیف ملے گا ان منصوبوں میں لاہور ملتان موٹر وے سے ساہیوال اور چیچہ وطنی کی آسان رسائی کے لئے موجودہ سڑکوں کو ڈبل کرنا ،ٹیکنالوجی کالج ساہیوال کی اپ گریڈیشن کرکے اسے انجینئرنگ یونیورسٹی کا درجہ دینا ،چیچہ وطنی کے اوور ہیڈ برج کی خصوصی مرمت اور ناجائز قبضے سے واگزار کرائی گئی 800ایکٹر اراضی پر اکنامک زون کی تعمیر شامل ہے جس سے ہزاروں افراد کو روز گار ملے گا اور خطے کی صنعتی ترقی تیز ہو گی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان نے یقین دلایا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ضلع پاکپتن سے تحریک انصاف کے ممبران صوبائی اسمبلی میاں فرخ ممتاز مانیکا اور نعیم ابراہیم نے پاکپتن منچن آباد لنک روڈ اور ساہیوال بونگہ حیات روڈ کی تعمیر ،حلقہ پی پی 191کے دیہات کو سوئی گیس کی فراہمی ،پاکپتن میں یونیورسٹی کے قیام ،عارف والا بائی پاس کی تعمیر اور عارف والا ساہیوال ڈبل روڈ کی ناقص تعمیر کے منصوبوں کی بھی نشاندہی کی جس پر چیف سیکرٹری نے بتایا کہ پاکپتن منچن آباد سڑک کی تعمیر اگلے مالی سال کے بجٹ میں شامل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عارف والا ساہیوال روڈ کی ناقص تعمیر کی تحقیقات کی بھی یقین دہائی کرائی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات