ایران میں طیارہ حادثے پرسعودی قیادت کا یوکرینی صدرسے اظہار افسوس

مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں سعودی عرب دوست ملک یوکرین کے ساتھ ہے،سعودی فرمانروا،ولی عہد

اتوار 12 جنوری 2020 15:05

ایران میں طیارہ حادثے پرسعودی قیادت کا یوکرینی صدرسے اظہار افسوس
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2020ء) ایران میں غلطی سے ایک میزائل لگنے سے یوکرین کا مسافر ہوائی جہاز کریش ہونے کے واقعے پرسعودی عرب کی قیادت نے یوکرینی صدر اور قوم سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی طرف سے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی کو طیارہ حادثے پر تعزیتی برقی پیغامات ارسال کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی قیادت کی طرف سے طیارہ حادثے پر یوکرینی صدر سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔دونوں رہ نمائوں کی طرف سے ارسال کردہ برقی پیغامات میں طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے بھی دلی ہمدردی اور غم گساری کا اظہار کیا گیا۔دونوں رہ نمائوں کا کہنا ہے کہ یوکرینی مسافر بردار جہاز کا ایرانی میں میزائل حملے کا نشانہ بننا انتہائی دکھ اور افسوس کا باعث ہے اور اس واقعے پر پوری دنیا کو صدمہ پہنچا ہے۔ مشکل اور دکھ کی اس گھڑی میں سعودی عرب دوست ملک یوکرین کے ساتھ ہے۔