Live Updates

۹ وزیر اعظم کی ساری توجہ معیشت کی بہتری ، پسے ہوئے طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے پر مرکوز ہے ‘ ہمایوں اختر

حکومت کے بروقت فیصلوں سے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے ،اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر تعصب کی پٹی باندھ رکھی ہے

اتوار 12 جنوری 2020 21:05

․ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جنوری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ساری توجہ معیشت کی بہتری اور پسے ہوئے طبقات کی زندگیوں میں بہتری اور آسودگی لانے پر مرکوز ہے ،حکومت کے بروقت فیصلوں سے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے لیکن اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر تعصب کی پٹی باندھ رکھی ہے ، حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 131 میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جن حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے عوام اس سے آگاہ ہیں اس لئے اپوزیشن معیشت کی ابتری اور مہنگائی کا واویلا کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی ۔

(جاری ہے)

حکومت نے بروقت فیصلوںسے آئی سی یو میں پڑی ہوئی معیشت کو پائوں پر کھڑا کر دیا ہے اور انشا اللہ بہت جلد یہ ٹیک آف کی پوزیشن میں آ جائے گی ۔

موجودہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں ریلیف دینے کیلئے دن رات کام جاری ہے ۔ بہتری ہوتی معیشت کے اثرات جلد نظر آئیں گے جس سے عوام کی زندگیوں میں بھی تبدیلی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ایک دوسرے سے کرپشن کا مقابلہ کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے کئی دہائیوں سے چلی آنے والی اس روایت کو توڑا ہے ، آج کوئی بھی قومی خزانے میں نقب لگانے کا نہیں سوچ سکتا ، ہم عوام کے پیسے کی حفاظت کریں گے او ران کا پیسہ ان پر خرچ کیا جائے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جیسے جیسے وسائل میسر آتے جائیں گے دیرینہ مسائل کو حل کیا جائے گا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات