Live Updates

لاہور،صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین کا شہنیلا روتھ اور اعجاز چوہدری کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

پیر 13 جنوری 2020 20:05

لاہور۔13 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے ایم این اے شہنیلا روتھ اور تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کے ہمراہ این اے 133 بہار کالونی ،کوٹ لکھپت میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔تفصیل کے مطابق بہار کالونی کوٹ لکھپت کے رہائشیوں کے دیرینہ مسائل میں کئی دہائیوں سے سیوریج اور واٹر سپلائی کی لائنوں کو تبدیل کرنا شامل تھا مگر سابقہ حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکا تھا مگر اب 05کروڑ کے فنڈز سے سیوریج کی لائنوں کی تبدیلی اور گلیوں کی پی سی سی کیجائے گی۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہاکہ نئے بھارتی چیف کی دھمکیاں دراصل کشمیر میں جاری جارحیت سے آنکھ چرانا ہے مگر بھارت جان لے کہ ہماری پاک فوج ہر قسم کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے ہر لمحہ تیا ر ہے جبکہ پوری قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی۔

(جاری ہے)

ایم این اے شہنیلا روتھ نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کے نام پر جو ظلم و ستم کی داستان رقم کی جا رہی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی کیونکہ آج میڈیا جتنا فعال ہے شاید ماضی میں نہیں تھا مگر بھارت جان بوجھ کر کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں میں مصروف ہے اور حیرت ہے کہ دنیا کیوں خاموش ہے۔

صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پاکستان بھر میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ بھارت میں سر عام انسانیت کی دھجیاں ارائی جا رہی ہیں ۔انہوں نے ملتان بار میں حالیہ پیش ہونیوالی غیر مسلموں کے حوالے سے قرارداد کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں اور کسی کے بھی احساسات کو مجروح کرنے کی تائید نہیں کی جاسکتی بلکہ وکلاء برادری کو چاہیئے کہ ایسی قرارداد فی الفور واپس لیں تاکہ کسی میں بھی احساس محرومی جنم نہ لے سکے۔

انہوں نے کہاکہ بہار کالونی میں عوام کی سہولت کیلئے پرانی لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت صحیح معنوںمیں عوامی خدمت کو اپنا شعار سمجھتی ہے۔اس موقع پر مسیحی برادری کے نمائندگان اور تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات