فیصل آباد،ڈپٹی کمشنر کا ضلع کونسل کا دورہ ، افسران وسٹاف کی حاضری کا جائزہ لیا

پیر 13 جنوری 2020 21:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) :ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اچانک ضلع کونسل کا دورہ کیا اور ضلع کونسل کے افسران وسٹاف کی حاضری چیک کی۔انہوں نے غیر حاضر سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران وسٹاف دفتری اوقات کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔وقت کی پابندی نہ کرنے کی صورت میں سخت ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مختلف برانچز کا دورہ کرکے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا اور تاکید کی کہ فائل ورک کے امورتیز رفتاری سے نمٹائے جائیں اس سلسلے میں غفلت،لاپرواہی وغیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے دفاتر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیااور ماحول کو ہمہ وقت صاف رکھنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی اچانک انسپکشنز کا سلسلہ جاری رہے گا لہذا اعلیٰ نظم ونسق کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری فرائض سے پہلو تہی کرنے اور کام چور ملازمین اپنا قبلہ درست کرلیں بصورت دیگر کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹرز)عفیفہ شاجیہ نے پروین شاکر کمپلیکس کا دورہ کیا اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔انہوں نے کہا کہ دفتری اوقات میں حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ کارروائی کی نوبت نہ آئے۔

متعلقہ عنوان :