انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت نے سفارت خانہ پاکستان کی زیرِ سرپرستی بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا 143 واں یومِ ولادت انتہائی جوش و خروش سے منایا

وفاقی وزیر برائے انسدادِ منشیات شہریار خان آفریدی نے اسپیشل گیسٹ آف آنر اور سفیرِ پاکستان برائے کویت سید سجاد حیدر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 14 جنوری 2020 14:55

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت نے سفارت خانہ پاکستان کی زیرِ سرپرستی بانی ..
کویت (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-14جنوری2020ء،نمائندہ خصوصی،محمد عرفان شفیق،کویت) انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیرِ انصرام، سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی زیرِ سرپرستی بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے143 ویں یومِ ولادت کے سلسلے میں ایک عظیم الشان اور فقید المثال پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے انسدادِ منشیات شہر یارخان نے بطور گیسٹ آف آنر خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ سفیرِ پاکستان پروگرام کے مہمانِ خصوصی تھے۔



اُن کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے پہلے حصے میں وفاقی وزیر شہر یار خان آفریدی، پیر امجد حسین، ملک تبسم جاوید،اور شہزادالرحمن بٹ نے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے کارکنان اور نمائندگان کو اُن کی بہترین کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں سرٹیفیکیٹس اور شیلڈز پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

پیر امجد حسین نے تمام کارکنان کی خدمات پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اسی جاں فشانی اور محنت سے کام کرنے کی تلقین کی اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ پروگرام کے پہلے حصے کی نظامت جنرل سیکرٹری انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت محمد ریاض انجم نے کی۔

یوم قائدِ کے حوالے سے پروگرام کی نظامت سابق جنرل سیکرٹری انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت سید صداقت علی ترمذی نے کی۔

پروگرام کا آغاز قاری عبدالرحمن نے تلاوت قرآن سے کیااور محمد اعجاز مغل نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ اس کے بعد کویت و پاکستانی کے قومی ترانے پیش کئے گے جن کے اختتام پر ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ ملک تبسم جاوید نائب صدر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں گیسٹ آف آنرشہریار خان آفریدی، مہمانِ خصوصی سفیرِ پاکستان سید سجاد حیدر، دیگر افسران، تنظیموں کے صدور، اور میڈیا سمیت کمیونٹی کے تمام نمائندگان اور شرکائے پروگرام کو خوش آمدید کہا اور اُن کی تشریف آوری پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔

پیر امجد حسین صدر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت نے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی خدمات، جدوجہد اور قیامِ پاکستان میں اُن کے کردار کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف ویلفیئر سوسائٹی اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے قومی مشاہیر کی خدمات کے اعتراف میں پروگرام منعقد کروانے کا سلسلہ مستقبل میں جاری رکھے گی اور اس کے ساتھ ساتھ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو نہ صرف اجاگر کرتی رہے گی بلکہ ان کے حل کے لئے ممکنہ کوششیں بھی کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوشش کرکے پی آئی اے کی پروازوں کی بندش کا مسئلہ پارلیمنٹ سے سینٹ تک پہنچایا، جس کے نتیجے میں حالیہ ماہ میں پی آئی اے کی پرواز سیالکوٹ کے لئے بحال ہو چکی ہے اور جلد مزید شہروں کے لئے بھی بحال ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ویزوں کی بندش کا مسئلہ ہماری اولین ترجیح ہے، اس کے علاوہ کویت میں وفات پا جانے والے پاکستانیوں کی مییتوں کی پاکستان فری روانگی کا مسئلہ، کویت میں مقیم پاکستانیوں کے خاندانوں کے لئے ہیلتھ کارڈز کا اجرا، کاروبار ی حلقے کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے معاونت، کویت میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ پاکستان میں فراڈ، جائیدادوں کے مسائل وغیرہ حل شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ چونکہ بیرونِ ممالک مقیم پاکستانی عمران خان صاحب کے دل بہت قریب ہیں اس لئے ان کے مسائل بھی بروقت حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے وفاقی وزیر اور سفیرِ پاکستان اور تمام احباب کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سفیرِ پاکستان سید سجاد حیدر نے وفاقی وزیر، پیر امجد حسین اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کا عظیم الشان پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے قائدِ اعظمؒ کو ایک مثالی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے قائد ، قائدِ اعظم ہیں, جن کی قابلیت کی دنیا معترف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ میری اولین ترجیح ویزوں کی بندش کے مسئلے کا حل ہے۔ یہ ایک بہت بڑا سماجی مسئلہ ہے. انہوں نے کہا کہ وہ جلد امیرِ کویت سے ملاقات کر رہے ہیں جس میں ویزوں کی بندش کے مسئلہ کا حل اولین ترجیح ہوگا۔

انہوں نے سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے لئے اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کروائی۔ گیسٹ آف آنر اور وفاقی وزیر شہر یارخان آفریدی جب خطاب کے لئے تشریف لائیں تو ہال ایک مرتبہ پھر پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا اور دیر تک گونجتا رہا۔ وفاقی وزیر نے اپنی شعلہ بیانی، فصاحت وبلاغت، وسعتِ خیال،اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار خطاب سے حاضرینِ پروگرام کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔

انہوں نے کہا آج دو قومی نظریہ کی مخالفت کرنے والے یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ قائدِ اعظمؒ سچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مسلمانوں کی حالت اس لئے ابتر ہے کہ ہم اپنے آباؤ واجداد کے رستے سے ہٹ گئے ہیں۔ ہم تن آسان ہو گئے ہیں۔ ہمارا مقصد پیسہ جمع کرنا ہو گیا ہے۔ رشتوں کا احساس ختم ہو گیا ہے، جس مقصد کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا اور جو قائدِ اعظمؒ کا پاکستان کے لئے نظریہ تھا ہم نے گزشتہ بہتر برسوں میں ہر کام اس کے خلاف کیا ہے لیکن اب عمران خان قائدِ اعظمؒ کی اسی سوچ، فلسفے اور نظریے کی بات کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ہم پاکستان کو ریاستِ مدینہ کا ماڈل بنائیں گے۔

ہم ملک کے پیسہ لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کہا آج ہمیں ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے جس کے مقابلے کے لئے ہمیں ہر پاکستانی کے تعاون اور ساتھ کی ضرورت ہے تاکہ اُن کو شکست دی جاسکے۔ انہوں نے کہا انشاء اللہ مارچ تک ویزوں کا مسئلہ حل ہو جائے گا اور 2023 تک کویت میں پاکستانیوں کی تعداد اڑھائی لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

انہوں کویت میں مقیم تمام پاکستانی کمیونٹی اور پیر امجد حسین کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور محمد ابراہیم، ناصرعباص، سید علی رضا نے ملی و قومی نغموں کی صورت قائدِ اعظمؒ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین میں نوجوان ادیب وکالم نگارمحمد فیصل نے آزادی کی نعمت اور قائد اعظمؒ کی شخصیت کے حوالے سے اظہارِ خیال فرمایا۔ پاکستانی کمیونٹی کی بزرگ شخصیت عبید الرحمن آرائیں نے قائدِ اعظمؒ کی شخصیت اور کردار پر پرمغز گفتگو فرماتے ہوئے کہا کہ عمران کا ویژن دراصل قائدِ اعظمؒ کا ویژن ہے۔

پروگرام کے آخری میں جمعہ خان آفریدی کی جانب سے شہریار خان آفریدی کو خصوصی پگڑی پہنائی گئی اور پیر امجد حسین ، ملک تبسم جاوید،اور شہزاد الرحمن بٹ نے سفیرِ پاکستان اور وفاقی وزیر شہر یار خان آفریدی کو انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ پیر امجد حسین نے ملک ِ پاکستانی سلامتی، خوشحالی، اور ترقی کی دعاؤں کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا. پروگرام کے اختتام کے بعد شہر یار خان آفریدی لوگوں میں گھل مل گئے اور ان کے ساتھ دیر تک سیلفیاں بنواتے رہے۔