گلیات میں برف باری سے اشیاء خوردونوش کی ترسیل میں قلت، ضلعی انتظامیہ گلیات کو آفت زدہ ڈیکلیئر کرے، آمنہ سردار

بدھ 15 جنوری 2020 15:28

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2020ء) سابق رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے کہا ہے کہ گلیات میں شدید برف باری سے کھانے پینے کی ترسیل میں قلت پیدا ہوئی ہے، ضلعی انتظامیہ گلیات کو آفت زدہ قرار دیکر خصوصی ریلیف دے۔ بدھ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلیات کے عوام حالیہ برف باری سے بے پناہ مسائل کا شکار ہو چکے ہیں، کھانے پینے کی ترسیل میں کمی، ایندھن کے مسائل اور رابطہ سڑکوں کی بندش سے علاقہ کے عوام کی زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی کمشنر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران سے رابطہ میں ہیں اور ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے علاقہ کا دورہ کرنے اور تمام متعلقہ محکموں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں، گلیات کو آفت زدہ قرار دیکر خصوصی ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی سے بھی قومی اسمبلی میں معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دیں کہ حکومت شدید برف باری کے علاقوں میں ایل پی جی اور سوختی لکٹری میں خصوصی ریلیف دی جائے۔