بھارت میں بگ 3کے بعد اب بگ فائیو کی سازش پکنے لگی

ممبئی کے فائیو سٹار ہوٹل میں خصوصی لنچ میٹنگ میں بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ آفیشلز کی شرکت بگ تھری کے نام پر دنیائے کرکٹ کو تقسیم کرنیوالے این سری نواسن بھی شریک تھے ،آئی سی سی کے نام مشترکہ خط میں سخت نتائج کی دھمکی بھی دیدی

بدھ 15 جنوری 2020 22:27

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2020ء) بھارت میں بگ 3کے بعد اب بگ فائیو کی سازش تیار ہونے لگی۔گذشتہ روز ممبئی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں خصوصی لنچ میٹنگ میں بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے آفیشلز شریک ہوئے۔میٹنگ میں بی سی سی آئی اور آئی سی سی کے سابق سربراہ این سری نواسن بھی موجود تھے جنھوں نے ماضی میں بگ تھری کے نام پر دنیائے کرکٹ کو تقسیم کیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارت آئی سی سی کی جانب سے اپنے اگلے فیوچر ٹور پروگرام میں ہر سال ایک عالمی ایونٹ شامل کرنے کی تجویز پر ناخوش اور ہم خیال بڑے ممالک کے ساتھ مل کر اپنا ہی سالانہ ٹورنامنٹ شروع کرنے کیلیے کوشاں ہے۔ان ممالک کا واحد مقصد اپنے ایونٹ سے حاصل ہونے والا ریونیو صرف آپس میں ہی تقسیم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ممبئی کی میٹنگ میں شریک بگ فائیو ممالک کے نمائندوں نے آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا جس میں عالمی گورننگ باڈی کو خبردار کیا جائے گاکہ اگر ریونیو دینے والے ممالک کو اہم فیصلوں میں نظر انداز کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

اس خط پر بی سی سی آئی، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)اور کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے دستخط کردیے گئے، البتہ کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹ نیوزی لینڈ کی جانب سے دستخط کا انتظار تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی کہ یہ دونوں بورڈز اس پلان سے متفق ہیں یا نہیں۔