برآمدات میں اضافہ کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت از حد ضروری ہے،ترجمان آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن

جمعرات 16 جنوری 2020 14:19

برآمدات میں اضافہ کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت از حد ضروری ہے،ترجمان ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2020ء) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت از حد ضروری ہے جبکہ تجارتی پالیسی کی روشنی میں برآمدات میں اضافہ کیلئے مراعات،خصوصی پیکیج اور ٹیکسوں میں کمی بھی ضروری ہے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حکومتی ریونیو میں اضافہ ممکن نہیں۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ تجارتی پالیسی کی روشنی میں کاروباری برادری کو مراعات کے علاوہ کاروبار کو آسان بنانے کیلئے قواعد وضوابط کو سادہ اور قابل فہم بنایا جانا اشد ضروری ہے لہٰذا کاروباری لاگت کو کم کرنے کیلئے صنعت و تجارت سے درآمدی اور برآمدی اشیاء پر غیر ضروری بوجھ کو کم کیا جائے اور غیر ضروری رکاوٹیں دور کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں کمی کی اہم وجوہات میں بجلی گیس و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا زیادہ ہونا بھی شامل ہے کیونکہ مہنگی بجلی اور گیس و پٹرولیم مصنوعات کے باعث پیدوار مہنگی ہونے سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی اشیاء مہنگی ہونے کے باعث ان کی مانگ میں کمی ہورہی ہے جبکہ دیگر ہمسایہ ممالک میں صنعتی مقاصد کیلئے پاکستان کی نسبت بجلی اور گیس سستی فراہم کی جارہی ہے اسلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں بھی صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ مسابقت کی فضاء برقرار رہے۔