وزیراعظم کی ثالثی کی کوششوں پر ایران کا جواب، پاکستان کو بڑی پیش کش کر دی

بھارت اور پاکستان دونوں ہمارے قریبی دوست ممالک ہیں، اگر یہ چاہیں تو ہم ان کے تعلقات بہتر کروانے کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 جنوری 2020 23:29

وزیراعظم کی ثالثی کی کوششوں پر ایران کا جواب، پاکستان کو بڑی پیش کش ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2020ء) وزیراعظم کی ثالثی کی کوششوں پر ایران کا جواب، پاکستان کو بڑی پیش کش کر دی، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں ہمارے قریبی دوست ممالک ہیں، اگر یہ چاہیں تو ہم ان کے تعلقات بہتر کروانے کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے حال ہی میں قاسم سلیمانی کی موت کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں۔

جبکہ پاکستان نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان بھی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں کی ہیں اور تاحال کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کی ان کوششوں کے جواب میں ایران نے بھی ایک خصوصی پیش کش کی ہے۔ ایران نے پیش کش کی ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت چاہیں تو وہ ان دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے خصوصی طور پر بیان جاری کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران 2 ممالک کے معاملات میں مداخلت تو نہیں کرنا چاہتا، پر اس کی خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئی۔ جواد ظریف کہتے ہیں کہ ایران کیلئے پاکستان اور بھارت دونوں ہی کی بہت اہمیت ہے، دونوں ممالک ہمارے دوست ہیں۔ اس لیے اگر پاکستان اور بھارت اپنے معاملات بہتر کرنے کیلئے ہماری کسی بھی قسم کی مدد چاہتے ہیں تو اس کیلئے ہم حاضر ہیں۔ یہاں واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ان خیالات کا اظہار اپنے حالیہ دورہ بھارت کے دوران کیا۔