وزیر خارجہ کی سینئر امریکی ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات

پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت، شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور امریکہ کے مابین اسٹرٹیجک شراکت داری کی تقویت و مضبوطی کے لیے حمایت پر سینیٹر لنزے گراہم کا شکریہ ادا کیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعہ 17 جنوری 2020 08:47

وزیر خارجہ کی سینئر امریکی ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 17 جنوری 2020ء) وزیرخارجہ کی سینئر امریکی ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات، پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور امریکہ کے مابین اسٹرٹیجک شراکت داری کی تقویت و مضبوطی کے لیے حمایت پر سینیٹر لنزے گراہم کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن کیپیٹل ہل میں سینئر ریپبلکن امریکی سینیٹر لنزے گراہم سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورت حال پر بات چیت ہوئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور امریکہ کے مابین سٹرٹیجک شراکت داری کی تقویت و مضبوطی کے لئے حمایت پر سینیٹر لنزے گراہم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے طویل المدتی اور وسیع بنیادوں پر استوار دو طرفہ تعلقات کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں ممالک کو زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔

وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں پائی جانے والی کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی گئیں سفارتی کوششوں اور خطے کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ہونے والے روابط اور اپنے حالیہ دورہ ایران و سعودی عرب کی تفصیلات سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیر خارجہ نے سینیٹر لنزے گراہم کو افغانستان میں" پرامن سیاسی تصفیہ" کے لئے جاری کوششوں میں پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو جلد ہی" بین الافغان" مذاکرات کے آغاز کی امید ہے اور فریقین کو متشدد رویوں میں کمی لانے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر لنزے گراہم نے مشرق_وسطی میں کشیدگی میں کمی لانے اور افغانستان میں امن و مفاہمت کے عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی سینیٹر لنزے گراہم نے وزیرخارجہ سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار اور اعلی سطحی روابط دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہیں۔

سینیٹر لنزے گراہم نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے اپنی حتی المقدور کوشش کریں گے۔ سینیٹر گراہم نے وزیر خارجہ کو یقین دہانی کروائی کہ آزادانہ تجارت کا معاہدہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ میں معاون ہو گا اور اس معاہدے کے لئے وہ ذاتی طور پر کوشاں رہیں گے۔