سعودی عرب میں آج پھر بادل خوب برسنے جا رہا ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق آج نماز جمعہ کے بعد مکہ مکرمہ میں اور جدہ کے علاوہ بحر احمر کے ساحلی علاقوں میں بھی خوب بارش ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 17 جنوری 2020 11:06

سعودی عرب میں آج پھر بادل خوب برسنے جا رہا ہے
مکّہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جنوری 2020ء) سعودی مملکت جو کہ موسمی اعتبار سے دُنیا کے گرم ترین خطوں میں شمار ہوتی ہے، وہاں پر اس بار بیشتر علاقوں میں ٹھنڈ نے اپنا راج قائم کر دکھایا ہے۔ اس وقت کئی سعودی شہروں میں ریکارڈ ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ حتیٰ کہ مکہ مکرمہ کا گرم ترین خطہ بھی سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی سے بھی گر چکا ہے۔

ابھی دو تین روز میں سردی کی شدت میں کچھ کمی ہوئی تھی۔ تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج بروز جمعة المبارک کومکرمہ ریجن میں جس میں جدہ بھی شامل ہے، کے علاوہ بحر احمر کے ساحلی علاقوں میں بھی گرج چمک سے بارش کا امکان ہے جس کے بعد موسم پھر سے قدرے ٹھنڈا ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی نماز کے بعد مکہ مکرمہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی، جبکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

جدہ میں بھی آج بارشیں ہو گی جو رات سے لے کر اگلی صبح تک جاری رہیں گی۔ اس کے علاوہ سعودی مملکت کے کئی دیگر علاقوں میں بھی گھنے بادل چھائے رہیں گے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت ریکارڈ سردی پڑ رہی ہے یہاں تک کہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 15سینٹی گریڈ تک گِر گیا ہے۔ سردی کی یہ برفانی لہریں یہاں کے باشندوں کے لیے ایک انوکھا قسم کا تجربہ ہے جس سے اُن کا ماضی میں واسطہ کم ہی پڑا ہے۔

یہاں تک مکہ مکرمہ کا انتہائی گرم خطہ بھی اس وقت سردی کی لپیٹ میں ہے۔ گزشتہ ہفتے تبوک اور اس کے پہاڑی علاقوں میں درجہ منفی حرارت پندرہ سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔ان علاقوں میں گزشتہ جمعہ کے روز برف باری نے ہرطرف سفید چادر پھیلا دی تھی۔ برف باری کے نتیجے میں علاقے میں سردی کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ۔ قطبی ہواؤں کے نتیجے میں سعودی عرب کے شمال مغرب میں تبوک اور نیوم کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جمعہ کی صبح شروع ہوا۔

جبال اللوز، علقان، الظہر اور نیوم کے دیگر پہاڑی سلسلوں میں برف کے قابل دید مناظر دیکھنے کو ملے۔قریبی علاقوں سے نوجوان اور خاندان برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہاڑی علاقوں میں پہنچ گئے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو نیوم کے پہاڑی علاقوں میں برف باری میں جانے سے گریز کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں حادثات کا خطرہ ہے۔ سیرو سیاحت کے لیے آنے والے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہیکہ وہ موسم کی شدت کے مطابق تمام ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔