بھارت علاقائی سمٹ میں عمران خان کو مدعو کرے گا،بھارتی وزارت خارجہ

شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام آٹھ رکن ، چار مبصر ممالک سمیت بین الاقوامی مکالماتی شراکت داروں کو دعوت دی جائے گی،گفتگو

جمعہ 17 جنوری 2020 12:37

بھارت علاقائی سمٹ میں عمران خان کو مدعو کرے گا،بھارتی وزارت خارجہ
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2020ء) نئی دہلی حکومت رواں برس شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی کر رہی ہے، جس میں مودی حکومت وزیراعظم عمران خان کو مدعو کرے گی۔بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے رواں برس اکتوبر میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت میں کہاکہ بھارت رواں برس مختلف ممالک کے سربراہان حکومت کی میزبانی کرے گا۔

(جاری ہے)

شنگھائی تعاون تنظیم کے طے شدہ ضابطے کے مطابق اس اجلاس میں تنظیم کے تمام آٹھ رکن ممالک اور چار مبصر ممالک سمیت بین الاقوامی مکالماتی شراکت داروں کو دعوت دی جائے گی۔فی الحال پاکستانی حکومت کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ عمران خان اکتوبر میں اس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ ماضی میں بعض اوقات اس اجلاس میں شرکت کے لیے سربراہان حکومت کی بجائے وزرائے خارجہ بھی حکومت کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ تاہم اگر عمران خان اس اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہیں، تو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ بھارت ہو گا۔